رسائی کے لنکس

دوسرا ٹیسٹ: بھارت نے جنوبی افریقہ کو 87 رنز سے ہرادیا


بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو 87 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے.

بدھ کے روز کنگز میڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز میزبان ٹیم نے بھارت کے 303 رنز کے تعاقب میں 111 رنز تین کھلاڑی آئوٹ پر اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اسے ابتداء ہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اننگز کا آغاز کرنے والے جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز جیکوس کیلس آٹھویں اوور میں محض 17 رنز بناکر سری سانتھ کی بال پر آئوٹ ہوگئے ۔ پانچ اوورز بعد کیلس کے ہمراہ میدان میں اترنے والے اے بی ڈی ویلئرز 33 رنز پر ہربھجن سنگھ کی بال پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

155 رنز کے مجموعی اسکور پر میزبان ٹیم کی 7 وکٹیں گر چکی تھیں۔ بعد ازاں ایشول پرنس اور مورن مورکل نے جم کر کھیلنے کی کوشش کی اور اسکور میں 59 رنز کا اضافہ کیا۔ تاہم کھانے کے وقفے کے بعد پوری ٹیم 215 کے مجموعی اسکور پر پویلین سدھار گئی۔

سری سانتھ اور ظہیر خان نے بالترتیب 45 اور 57 رنز دے کر 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت کے ونجی پوراپو لکشمن کو دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 134 رنز بنانے پر "مین آف دی میچ" قرار دیا گیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ہوم سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان بھارت کو ایک اننگز اور 25رنز سے شکست دے دے دی تھی۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ کیپ ٹائون میں دو جنوری سے کھیلا جائے گا۔

بھارتی ٹیم اپنے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران دو ٹی 20 اور پانچ ون ڈے میچز کی سیریز بھی کھیلے گی۔

XS
SM
MD
LG