رسائی کے لنکس

دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو بھارت کےہاتھوں بدترین شکست


ہربجن سنگھ
ہربجن سنگھ

انگلش ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 171 رنز کا ہدف ملا تھا مگر اُس کے تمام کھلاڑی پندرہویں اوور میں صرف 80 کے اسکور پر ڈھیرہوگئے

بھارت نے کولمبو میں اتوارکو دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی عالمی کرکٹ کپ کا ایک میچ 90 رنز سے جیت لیا۔

ٹی ٹوئنٹی طرز کے بین الاقوامی کرکٹ میچوں میں یہ انگلینڈ کی بدترین شکست ہے۔

انگلش ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے171 رنز کا ہدف ملا تھا مگر اُس کے تمام کھلاڑی پندرہویں اوورمیں صرف 80 کے اسکور پر ڈھیرہوگئے۔

بھارتی آف اسپن باؤلر ہربجن سنگھ اور لیگ اسپنر چاولہ کی تباہ کُن باؤلنگ کے سامنے انگلینڈ کا کوئی بلے باز جم کر نا کھیل سکا۔

ہربجن نے بارہ رنز کے عوض چار اور چاولہ نے 13 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر انگلیش ٹیم کے کپتان براڈ نے بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

بھارتی بلے باز روہت شرما نے 33 گیندوں پر 55 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں ایک بڑا ہدف حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ گوتم گامبیر اور ورات کوہلی نے بالترتیب 45 اور 40 رنز اسکور کیے۔

انگلینڈ کے کریگ کیسویٹر نے 25 گیندوں پر 35 رنز بنائے جبکہ صرف دو دوسرے بلے باز ڈبل فِگر میں داخل ہوسکے۔

بھارت اور انگلینڈ دونوں افغانستان کو شکست دینے کے بعد آئی سی سی کرکٹ کپ کے گروپ اے سے پہلے ہی سُپرایٹ مرحلے کےلیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG