رسائی کے لنکس

پہلا ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بھارت کو عبرت ناک شکست

  • عمیر ریاض

بھارتی کرکٹر جادیو انڈکاٹ پویلین کی طرف واپس جاتے ہوئے، جبکہ پس منظر میں ساؤتھ افریقہ کے کھلاڑی پری ٹوریا میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح پر خوشیاں منارہے ہیں۔ 20 دسمبر، 2010

بھارتی کرکٹر جادیو انڈکاٹ پویلین کی طرف واپس جاتے ہوئے، جبکہ پس منظر میں ساؤتھ افریقہ کے کھلاڑی پری ٹوریا میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح پر خوشیاں منارہے ہیں۔ 20 دسمبر، 2010

جنوبی افریقہ نے ہوم سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان بھارت کو ایک اننگز اور 25رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

پیر کو میچ کے آخری دن آئی سی سی کی عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ایک ٹیم بھارت نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 454 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر کیا تو اس کے کھلاڑی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور صرف پانچ رنز کا اضافہ کر کے پویلین لوٹ گئے۔

شناتھاکمارن سری سانتھ کوئی رن بنائے بغیر مارن مورکل کی گیند پر اے بی ڈی ویلرز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ بھارت کی آخری وکٹ جادیو اونادکٹ کی گری جو محض ایک رن بنا کر ڈیل اسٹین کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

بھارتی اسٹار بلے باز سچن ٹنڈولکر111 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ سچن ٹنڈولکر نے دوسری اننگ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 50 ویں سنچری بنائی تاہم ان کا یہ ریکارڈ بھی بھارت کو شکست سے نہ بچا سکا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل اسٹین نے 105 رنز دے کر چار جبکہ مارن مورکل اور پال ہیرس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جیکوس کیلس اور لونوابو سوٹسوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سینچورین میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 136 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں جنوبی افریقہ نے 620 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

عالمی رینکنگ میں نمبر ایک ٹیسٹ آل راؤنڈر جیک کیلس کو اپنی پہلی ٹیسٹ ڈبل سنچری اسکور کرنے پر "مین آف دی میچ" قرار دیا گیا۔

سیریز کا دوسرا میچ اتوار سے ڈربن میں کھیلا جائے گا۔ بھارتی ٹیم اپنے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران تین ٹیسٹ میچز کے علاوہ دو ٹی 20 اور پانچ ون ڈے میچز کی سیریز بھی کھیلے گی۔

XS
SM
MD
LG