رسائی کے لنکس

فلم سٹار شاہ رخ خان کے اسٹیڈیم میں داخلے پر پابندی


شاہ رخ خان آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز کے مالک ہیں
شاہ رخ خان آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز کے مالک ہیں

بھارت میں جاری انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران کئی تنازعات منظر عام پر آرہے ہیں۔ لیگ میں شامل کولکتہ نائٹ رائڈرز کے مالک معروف بھارتی فلم سٹار شاہ رخ خان پر وانکھیڑے کرکٹ اسٹیڈیم ممبئی میں داخلے پر پانچ سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم سی اے) کے صدر اور وفاقی وزیر ولاس راؤ دیش مکھ نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کی شب شاہ رخ خان نے جس انداز میں ایسوسی ایشن اور سکیورٹی اہلکاروں سے تلخ کلامی کی تھی اسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اور اس ضمن میں ’’ایک سخت پیغام دینا ضروری تھا‘‘۔

ایم سی اے کا الزام ہے کہ کولکتہ نائٹ رائڈرز اور ممبئی انڈینز کے درمیان میچ کے بعد نشے کی حالت میں شاہ رخ خان نے سٹیڈیم میں اہلکاروں سے بدتمیزی کی تھی کیونکہ انہیں گراؤنڈ پر جانے سے روکا گیا تھا۔

فلم سٹار شاہ رخ خان کا دعویٰ ہے کہ وہ نشے میں نہیں تھے اور میچ ختم ہونے کے بعد وہ اپنے بچوں کو لینے سٹیڈیم گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچے میدان میں کھیل رہے تھے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں زبردستی باہر نکالنے کی کوشش کی اور پھر ان کے خلاف انتہائی جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے نازیبا زبان کا استعمال کیا جس کے لیے انہیں معافی مانگنی چاہیے۔

ادھر بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے نائب صدر اور آئی پی ایل کے کمشنر راجیو شکلا نے اپنے فوری رد عمل میں کہا ہے کہ ایم سی اے صرف پابندی کی سفارش کرسکتی ہے جبکہ حتمی فیصلہ آئی پی ایل اور بی سی سی آئی کرے گی۔

دریں اثناء دہلی پولیس نے انڈین پریمیئر لیگ میں شامل ایک آسٹریلوی کھلاڑی لوک پومباش کو ایک امریکی خاتون سے مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

آئی پی ایل کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کے کھلاڑی لوک پومباش پر الزام ہے کہ انہوں نے امریکی خاتون کے ساتھ ہوٹل میں چھیڑ چھاڑ کی اور بعد میں جب خاتون کے ساتھی نے انہیں ایسا کرنے سے روکنا چاہا تو پومباش نے ان کی پٹائی کی۔

رواں ہفتے انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی انتظامیہ نے پانچ کھلاڑیوں کو سپاٹ فکسنگ اور سٹے بازی میں ملوث ہونے کے الزام میں معطل کردیا تھا اور بھارت کے کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کو شفاف رکھنے کے لیے واقعے کی تحقیقات کا اعلان بھی کیا تھا۔

معطل کیےگئے کھلاڑیوں میں مہنیش مشرا پونے واریئر کی ٹیم میں شامل ہیں، جبکہ ٹی پی سدھندرا (دکن چارجز)، امیت یادو اور شلبھ شری واستو کنگز الیون پنجاب اور ابھینوبالی کے نام سامنے آئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG