رسائی کے لنکس

گروپ اے کا تاج کس کے سر؟ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کل آمنے سامنے


گروپ اے کا تاج کس کے سر؟ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کل آمنے سامنے
گروپ اے کا تاج کس کے سر؟ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کل آمنے سامنے

کرکٹ کی عالمی جنگ میں گروپ اے پر حکمرانی کےلیے نیوزی لینڈاور سری لنکا کا ٹکراؤ کل ونکھڑ ے اسٹیڈیم ممبئی میں ہو گا ۔ کیویز نے گروپ میں پانچ مقابلوں میں چار فتوحات کے ساتھ 8 پوائنٹ حاصل کرکے دوسری جبکہ لنکن اتنے ہی میچوں میں 3 فتوحات اور ایک ٹائی میچ کے ساتھ7 پوائنٹ کے ہمراہ چوتھی پوزیشن پر ہے۔ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں مجموعی طور پر دونوں حریف 72 بارآمنے سامنے آئے جن میں سے35 مرتبہ کیویز اور 32 مرتبہ سری لنکا نے جشن منایا جبکہ ایک مقابلہ ٹائی اور چارمیچ کسی نتیجے پر پہنچنے بغیر ہی ختم ہو گئے ۔

اب تک کوئی بھی کیوی بلے باز ورلڈ کپ کے ٹاپ ٹین میں شامل نہیں۔ جبکہ اس کے مقابلے میں سری لنکا کے تین بلے باز،دلشان پانچ میچوں میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے283 رنز بنا کر چھٹے ، اوپل ترنگا258 رنز کے ساتھ ساتویں جبکہ کپتان سنگا کارا 252 رنز کے ساتھ دسویں نمبر کے ساتھ فہرست کی زینت بنے ہوئے ہیں ۔ بالنگ میں کیویز کے جیکب اورم اور سری لنکا کے لیستھ مالنگا نے اپنی ٹیم میں سب سے زیادہ سات ، سات وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں ۔

بلیک کیپ کے لئے تشویشناک بات یہ ہے کہ کپتان ڈینیل ویٹوری کے بعد اسٹار بولر کائیل ملز بھی زخمیوں میں شامل ہوگئے ہیں اور ٹیم انتظامیہ کے مطابق کل کے میچ میں دونوں کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے ۔ قائم مقام کیویز کپتان روس ٹیلر کا کہنا ہے کہ دو اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں سری لنکا کے خلاف نئے کھلاڑیوں کو صلاحیت دکھانے کا موقع ملے گا ۔

کل کے میچ میں ڈیرل ٹفی کی شمولیت کا قوی امکان ہے۔ اس کے علاوہ اسپنر لیوک ووڈک کو بھی جگہ دی جا سکتی ہے ۔ اس حوالے سے ووڈک کا کہنا ہے کہ اگر کل انہیں موقع دیا گیا تو وہ مایوس نہیں کریں گے۔ اٹھارہ مارچ کو ووڈک کی 29 ویں سالگرہ ہے اور وہ اس دن کو اپنی پرفارمنس کے ذریعے یاد گار بنانا چاہتے ہیں ۔ کیوی آف اسپنر ناتھن مک کالم نے ممبئی میں میڈیا کو بتایا کہ وہ کل کے میچ میں فتح کےلیے پر عزم ہیں ، اگر چہ کیویز ٹیم سپر ایٹ میں پہنچ گئی ہے لیکن ہمارا اصل ہدف گروپ میں پہلی یا دوسری پوزیشن ہے جس کے لئے کل لنکن کو ہر صورت شکست دینا ہو گی ۔

دوسری جانب سری لنکا کے مایہ ناز بلے باز مہیلاجے وردھنے کا کہنا ہے کہ کوارٹر فائنل سے قبل بھارت میں کھیلنا ٹیم کےلئے انتہائی سود مند ہے ، اگر چہ ہم کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل اپنی سر زمین پر کھیلنا چاہتے ہیں لیکن یہ ہمارے بس میں نہیں ہے اور کل کے مقابلے میں ہماری کوشش ہو گی کہ اچھی کرکٹ کھیلی جائے ۔

نیوزی لینڈ ،لنکن کو شکست دینے والی پاکستان ٹیم کو چت کر چکی ہے لہذا وہ سری لنکا کے لئے بھی انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ۔ اس حوالے سے لنکن آل راؤنڈر میتھیوز کا کہناہے کہ نیوزی لینڈ اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے اور کل کا میچ شاندار ہو گا ۔ ہمیں ممبئی میں کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں اور ہم کل بھر پور قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کے کپتان سنگا کارا نے ایک بیان میں اعتراض کیا تھا کہ سری لنکا بھی ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے اور اسے اپنے گروپ کے تمام میچز اپنے ملک میں کھیلنے چاہیئں ۔میتھیوز کوتوقع ہے کہ کل مالنگا اور مرلی دھرن فیصلہ کن کردار ادا کریں گے ۔

میگا ایونٹ میں اس سے قبل ہونے والے مقابلے میں ونکھڑے گراوٴنڈ پر ہی نیوزی لینڈ نے کینیڈا کے خلاف 358رنز اسکور کیے ہیں،لہذا یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ وکٹ بیٹنگ کے لئے ساز گار ہو گی اور ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے خود بلے بازی کا فیصلہ کرے گی ۔

XS
SM
MD
LG