رسائی کے لنکس

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ،پہلا ٹیسٹ میچ


پاکستان بمقابلہ انگلینڈ،پہلا ٹیسٹ میچ
پاکستان بمقابلہ انگلینڈ،پہلا ٹیسٹ میچ

پاکستان کی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف نوٹنگھم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن 182 رنزبنا کرآؤٹ ہو گئی۔

ہفتہ کی صبح مہمان ٹیم نے جب 147 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر اپنی بیٹنگ دوبارہ شروع کی تو فالو آن سے بچنے کے لیے اسے آٹھ رنز درکار تھے۔

تاہم فاسٹ باؤلر عمر گل نے چار چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر پاکستانی ٹیم کو فالو آن ہونے سے بچا لیا۔ ان کے ساتھ محمد آصف کھیل رہے تھے جو سات رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے شعب ملک اور محمد عامر بالترتیب 38 اور 25 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمن رہے۔ انگلینڈ کی طرف سے اینڈریسن نے پانچ ، فِن نے تین اور براڈ نے ایک وکٹ حاصل کی ۔

میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 172 رنز کی قیمتی برتری حاصل کرنے کے بعد جب دوسری اننگز میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں فاسٹ باؤلر محمد عامر کی باہر جاتی ہوئی ایک گیند کو کھیلنے کی کوشش میں انگلش ٹیم کے کپتان سٹراس سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس سے قبل میچ کے دوسرے روز میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 354رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ہے۔

پاکستان کی طرف سے محمد آصف نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے صرف آٹھ رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ مجموعی طور پر انھوں نے 77رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

جمعے کو دوسرے دن جب کھیل کا آغا ز ہوا تو انگلینڈ کی پوزیشن بہت مضبوط تھی۔ اس نے 331رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تاہم جلد ہی پہلے کولنگ ووڈ اور پھر مورگن کے آؤٹ ہونے کے بعد بقیہ کھلاڑی یکے بعد دیگرے ڈھیر ہوتے گئے۔ مورگن نے 130اور کولنگ ووڈ نے 82انفرادی رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے محمد آصف نے پانچ،محمد عامر نے تین اور عمرگل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اپنے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران پاکستان انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ،پانچ ایک روزہ اور دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گا ۔اس سے قبل اسی دورے کے دوران قومی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف د و ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچو ں کی سیریز دو،صفر سے جیتی ہے جب کہ دو ٹیسٹ میچو ں کی سیریز ایک،ایک سے برابر رہی۔

آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد شاہد آفریدی نے قومی ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد سلمان بٹ کو ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ۔

XS
SM
MD
LG