رسائی کے لنکس

پاکستان نیوزی لینڈ سے پریکٹس میچ ہار گیا، فاتحانہ آغاز کا خواب چکنا چور


نیوزی لینڈ کے کرس مارٹن، بائیں، اپنے ساتھیوں کے ساتھ
نیوزی لینڈ کے کرس مارٹن، بائیں، اپنے ساتھیوں کے ساتھ

آکلینڈ نے آج گرین شرٹس کے دورہ نیوزی لینڈ کے فاتحانہ آغاز کا خواب چکنا چور کر دیا ۔ آج واحد ٹی 20 پریکٹس میچ میں پاکستانی ٹیم دعوؤں کے برعکس امیدوں پر پورااترنے میں بری طرح ناکام نظر آئی۔ سات پاکستانی بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے جبکہ آکلینڈ نے91 رنز پرپوری ٹیم کی چھٹی کرنے کے بعد ہدف پانچ وکٹوں پرچودہویں اوور میں حاصل کر لیا ۔

کولن میڈن پارک میں آکلینڈ ٹیم نے گیلی وکٹ اور ابرآلود موسم کو دیکھتے ہوئے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اگر چہ گراؤنڈ میں بارش تو نہ ہوئی تاہم پاکستانی وکٹیں آکلینڈ کی برف کے اولوں کی طرح گرتی رہیں اور سات کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ چار، احمد شہزادصفراورکپتان شاہد خان آفریدی ایک رن کے انفرادی اسکور کے ساتھ پویلین سدھار چکے تھے ۔

اس موقع پر یونس خان اور عمر اکمل نے بیٹنگ لائن کو کسی حد تک سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 45 کے مجموعی اسکور پر یونس خان بھی اٹھارہ رنز بنا کر واپس لوٹ گئے ۔ فواد عالم بغیر اکاؤنٹ کھولے 47 پر ڈریسنگ روم میں آ بیٹھے۔ عمر اکمل نے بھی 25 کے انفرادی اسکور پر 52 کے مجموعہ پر ہمت ہاردی ۔ اس کے بعد عبدالرزاق اور عمر گل نے ٹیم کے اسکور کو 83 تک پہنچایا ۔عبدالرزاق 16رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن اس کے بعد کسی بلے باز کو آکلینڈ کے بالرز نے زیادہ دیر تک گراؤنڈ میں رکنے کی اجازت نہیں دی ۔

عبدالرحمن صفر، وہاب ریاض ایک اور عمر گل انیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سعید اجمل دوکے انفرادی اسکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم کی سترہ اعشاریہ چار اوورز میں اکیانوے رنز پر بساط لیٹ گئی ۔ مائیکل بیٹس نے گیارہ رنز دیکرچار وکٹ لئے۔

جواب میں آکلینڈ کے اوپنرز نے 28 رنز کا آغاز فراہم کیا ۔ گرینڈ ہوم بیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ اس کے بعد وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی رہیں تاہم مارٹن گپٹل دوسرے اینڈ پر ڈٹے رہے اور 28 رنز بنا کر ہدف سات اوور ز پہلے ہی پورا کر لیا ۔

پاکستان کی جانب سے شعیب اختر اور سعید اجمل نے دو، دو جبکہ وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی ۔عمر گل اور شاہد خان آفریدی کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے ۔ پاکستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز اتوار سے شروع ہو رہی ہے ۔

XS
SM
MD
LG