رسائی کے لنکس

پاکستان کی فاتحانہ کارکردگی کا سلسلہ جاری


پاکستان کی فاتحانہ کارکردگی کا سلسلہ جاری
پاکستان کی فاتحانہ کارکردگی کا سلسلہ جاری

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں کی سیریز جیتنے اور ٹی ٹوئنٹی کی فتح اپنے نام کرنے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنی فاتحانہ کارکردگی کا سلسلہ دورہ بنگلا دیش میں بھی جاری رکھے ہوئے ہے اور یہاں بھی ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچوں میں کلین سویپ کے بعد جمعہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں اس نے مخالف ٹیم کو پہلی اننگز میں محض 135 رنز پر چت کردیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بظاہر ایک آسان پچ پر پاکستانی تیز باؤلروں عمرگل اوراعزازچیمہ کے علاوہ سعید اور عبدالرحمن نے بھی انتہائی عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور میزبان ٹیم کے بلے بازوں کو جم کر کھیلنے نہیں دیا۔

کھانے کے وقفے تک صرف 51 رنز پر بنگلادیش کی پانچ وکٹیں گرچکی تھیں۔ ناصر حسین 41 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ پاکستان کی طرف سے سعید اجمل اور عبدالرحمٰن نے تین، تین جب کہ گل اورچیمہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی ٹیم کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کرکٹ کے حلقے اس اُمید کا اظہار کررہے ہیں کہ حالیہ برسوں میں سٹے بازی، اندرونی خلفشار اور بد انتظامی جیسے مختلف بحرانوں کا شکار یہ ٹیم اب مثبت اور منظم انداز میں بحیثیت ٹیم اپنی کارکردگی دکھاتی رہے گی۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کپتان ظہیر عباس نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا’’ ٹیم ایک انڈرسٹینڈنگ کے ساتھ کھیل رہی ہے میں بہت اچھا کامبینیشن دیکھ رہا ہوں اور دوسری سب سے بڑی بات یہ ہے کہ آپ جیت رہے ہوں تو سب چیزیں ٹھیک ہوجاتی ہیں۔ میں اُمید کرتا ہوں کہ ٹیم کی جس طرح پرفارمنس چل رہی ہے اسی طرح دوسری ٹیموں کے ساتھ بھی چلتی رہے۔‘‘

ظہیر عباس
ظہیر عباس

ظہیر عباس پر اُمید ہیں کہ آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف بھی ٹیم کی کارکردگی دیدنی ہوگی۔’’ انگلینڈ کی ٹیم اگر امارات میں کھیلتی ہے تو اس ان وکٹوں پر میرا تو خیال ہے پاکستان سیریز بھی جیت سکتا ہے۔‘‘

ادھر انگلینڈ نے جنوری سے پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والی سیریز کے لیے 16 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ اینڈریو اسٹراس ٹیم کی قیادت کررہے ہیں جب کہ اسکواڈ میں مونٹی پنیسر اور روی بوپارا بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں اول پوزیشن حاصل کرنے کے بعد انگلینڈ کی یہ پہلی سیریز ہے۔

XS
SM
MD
LG