رسائی کے لنکس

سٹے بازی سے باز رہیں: رحمن ملک کی پاکستانی کھلاڑیوں کو تنبیہ


سٹے بازی سے باز رہیں: رحمن ملک کی پاکستانی کھلاڑیوں کو تنبیہ
سٹے بازی سے باز رہیں: رحمن ملک کی پاکستانی کھلاڑیوں کو تنبیہ

بھارتی پنجاب کے شہر موہالی میں بدھ کو کھیلا جانے والا پاکستان اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل میچ دنیا بھر کے سٹے بازوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جس کے ممکنہ نتائج کے حوالے سے داؤ پر لگائی گئی رقم کا تخمینہ ایک ارب ڈالر بتایا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سٹے بازوں نے ممبئی اور دبئی کو اپنا مرکز بنا رکھا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ بھارتی شہر موہالی میں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان عالمی کپ کے سیمی فائنل میچ سے پہلے پاکستانی کھلاڑیوں پر گہری نظر رکھی جارہی ہے اور اُنھیں تنبیہ کردی گئی ہے کہ وہ ”میچ فکسنگ“ یعنی سٹے بازی میں ملوث ہونے سے باز رہیں۔

پیر کو کراچی میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی ٹیلی فون پر گفتگو اور دیگر ایسے اقدامات کی نگرانی کی جارہی جن کے ذریعے وہ سٹے بازوں کے ساتھ رابطہ کرسکتے ہیں۔

”اس دفعہ میں بڑی گہری نظر رکھے ہوئے ہوں۔ اگر کوئی ایسی چیز ہوئی تو ہم اس کے خلاف ضرورکارروائی کریں گے۔ ہم نے ٹھیک ٹھاک انٹیلی جنس اُن( کھلاڑیوں) پر لگائی ہوئی ہے تاکہ (ہم یہ جان سکیں کے )کون لوگ اُن سے ملتے ہیں اور اُن کی ٹیلی فون کی پوزیشن کیا ہے۔“

رحمن ملک
رحمن ملک

رحمن ملک نے کہا کہ یہ اقدامات اس لیے بھی ضروری ہیں کیونکہ پاکستان نہیں چاہتا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ’اسپاٹ فکسنگ‘ جیسے واقعے کو پاکستان کھلاڑی پھر دہرائیں۔ تاہم اُنھوں نے کہا کہ اُنھیں یقین ہےپاکستانی ٹیم کے موجودہ ارکان کا کردار بہت صاف ہے ۔ ”مجھے اُمید ہے کہ وہ ہماری پوری قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔(کھلاڑی) پریکٹس کریں ، جلدی رات کو سوئیں، اپنے حساب سے اُٹھیں اور پاکستان کے میچ کے لیے اپنے آپ کو وقف کردیں۔“

دلچسپ امر یہ ہے کہ رحمن ملک نے یہ بیان ایک صحافی کے جس سوال کے جواب میں دیا وہ کچھ یوں تھا۔” ملک صاحب دو دن کے بعد پاکستان اور انڈیا کا سیمی فائنل ہے۔ تمام قوم میچ میں لگی ہوئی ہے تو کیا آپ لوگوں نے سکیورٹی کی کوئی منصوبہ بندی کی ہے؟“۔

انگلینڈ کے خلاف لارڈز کرکٹ ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان بٹ، فاسٹ باؤلر محمد آصف اور محمد عامر پر سٹے بازوں سے بھاری رقوم وصول کرکے مخصوص اوقات میں نو بال کروانے کے الزامات ثابت ہونے پر فروری میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے انسداد بدعنوانی کے ایک خصوصی پینل نے تینو ں کھلاڑیوں کو بالترتیب دس، سات اور پانچ سال کی پابندی کی سزا سنائی تھی۔

پاکستانی وزیر داخلہ کے اکثر و بیشتر بیانات مبصرین کی تنقید کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔ ناقدین کی رائے میں رحمن ملک کے بیانات میں سنجیدگی کا عنصر بہت کم پایا جاتا ہے اور بظاہر اِن کا بنیادی مقصد ذاتی تشہیر ہوتی ہے۔

عمران خان
عمران خان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اپوزیشن سیاسی رہنما عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ کے بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کی بجائے خود رحمن ملک کی سرگرمیاں باعث پریشانی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے بھارت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

”اُمید ہے پاکستانی کھلاڑیوں نے یہ بیان نہیں سنا ہوگا کیونکہ کمزور انگلش کی وجہ سے وزیر داخلہ رحمن ملک کو اظہار خیال میں مشکل پیش آتی ہے ۔وہ کہنا کچھ چاہتے ہیں اور کہہ کچھ اور دیتے ہیں۔“ انھوں نے اس امید کا ظہار کیا کہ پاکستانی کھلاڑی میچ جیتنے کی کوشش کرکے پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کریں گے۔

شاہد آفریدی
شاہد آفریدی

خود پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے بھی وزیر داخلہ کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے نجی ٹی وی ’جیو سُپر‘ کو ٹیلی فون پر دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’’میرے خیال میں رحمن ملک کو اس موقعے پر اس طرح کی بات نہیں کرنی چاہیئے تھی۔‘‘

ماضی کی طرح کرکٹ کے دسویں عالمی کپ میں میچوں پر سٹے بازی کی خبریں بھی ذرائع ابلاغ کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ بھارتی پنجاب کے شہر موہالی میں بدھ کو کھیلا جانے والا پاکستان اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل میچ دنیا بھر کے سٹے بازوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جس کے ممکنہ نتائج کے حوالے سے داؤ پر لگائی گئی رقم کا تخمینہ ایک ارب ڈالر بتایا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سٹے بازوں نے ممبئی اور دبئی کو اپنا مرکز بنا رکھا ہے۔

XS
SM
MD
LG