رسائی کے لنکس

دبئی ٹیسٹ :انگلینڈ کے 104 پر چھ آؤٹ


دبئی ٹیسٹ :انگلینڈ کے 104 پر چھ آؤٹ
دبئی ٹیسٹ :انگلینڈ کے 104 پر چھ آؤٹ

دبئی میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 99 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

جمعہ کو پاکستان نے دبئی میں انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کے افتتاحی بلے باز توفیق عمر بغیر کوئی رن بنائے جمیز اینڈرسن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

دیگر بلے باز بھی انگلش باؤلروں کا جم کر مقابلہ نہ کرسکے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی چلی گئیں۔ اسد شفیق 45 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ یہ چودھواں موقع ہے جب پاکستانی ٹیم کسی ٹیسٹ میچ میں 100 سے کم اسکور پر آؤٹ ہوئی ہے۔

انگلینڈ کی طرف سے براڈ نے چار، اینڈریسن نے تین، پنیسر نے دو اور سوان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر چھ وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنائے ہیں۔ عبدالرحمن نے تین، عمر گل نے دو اور سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی اس سیریز میں اسے پہلے ہی دو، صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل ہے اور تیسرا میچ جیت کر وہ کلین سویپ کرسکتی ہے جو کہ اب تک دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں کسی نے نہیں کی ہے۔

سیریز سے قبل ماہرین کرکٹ یہ پیش گوئی کر چکے تھے کہ یہ اسپنرز کی جنگ ہوگی اور پاکستانی اسپنرز نے یہ ثابت بھی کردیا۔ سعید اجمل 17 وکٹوں کے ساتھ اب تک کے کامیاب باؤلر ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر 12 وکٹوں کے ساتھ عبدالرحمن کھڑے ہیں۔

جمعہ کو ہونے والے میچ میں پاکستانی ٹیم میں باؤلر جنید خان کی جگہ اعزاز چیمہ کو شامل کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG