رسائی کے لنکس

پہلا ون ڈے: پاکستان کو 130 رنز سے شکست


پاکستانی کپتان مصباح الحق، شاہد آفریدی (فائل فوٹو)
پاکستانی کپتان مصباح الحق، شاہد آفریدی (فائل فوٹو)

چار ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے کرکٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 130 رنز سے شکست دیدی ہے۔

پیر کو ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے تھے۔

جواباً 261 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 35 اوورز میں صرف 130 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستانی کھلاڑی اپنی اننگز کے آغاز ہی سے انگلش بالرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر وکٹوں پر نہ ٹہر رہ سکا۔ پاکستان کی جانب سے سابق کپتان شاہد آفریدی 28 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہےجب کہ عمر اکمل نے 22 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کا کوئی اور کھلاڑی 20 کا ہندسہ عبور نہ کرسکا اور پوری ٹیم 35 اوورز میں 130 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے اسٹون فن نے 4، سمت پٹیل نے 3 اور گریم سوان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے۔ کپتان الیسٹر کک 137 رنز کی شان دار اننگز کھیلی۔

پاکستان کی طرف سے شاہد آفریدی نے مسلسل دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ سعید اجمل نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سیریز کا دوسرا میچ بدھ کو ابوظہبی میں ہی کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ میچوں سے قبل کھیلی گئی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان نے انگلینڈ کو 0-3 سے وہائٹ واش شکست دی تھی۔

پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور انگلینڈ کے خلاف پہلے میچ کے لیے وہی کھلاڑی ٹیم کا حصہ تھے جنہوں نے گزشتہ ہفتے افغانستان کو شارجہ میں ہونے والے ایک روزہ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دونوں ملکوں کے درمیان اب تک 68 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 38 انگلینڈ اور 28 پاکستان نے جیتے ہیں۔ دو میچ بے نتیجہ رہے۔

XS
SM
MD
LG