رسائی کے لنکس

دبئی ٹیسٹ: پاکستان کی بیٹنگ جاری


دبئی ٹیسٹ: پاکستان کی بیٹنگ جاری
دبئی ٹیسٹ: پاکستان کی بیٹنگ جاری

دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور دوسرے دن کھیل کے اختتام پر اس نے سات وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے ہیں۔

بدھ کو محمد حفیظ اور توفیق عمر نے پہلے دن کے اسکور 42 رنز بغیر کسی نقصان پر کھیل دوبارہ شروع کیا اور پاکستان کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب 114 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی بلے باز توفیق عمر 58 رنز بنا کر براڈ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اظہر علی تھے جو ایک رن بنا سکے۔ محمد حفیظ اپنی سینچری مکمل نہ کرسکے اور 88 رنز بنا کر سوان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ٹراٹ نے یونس خان کو 37 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا جب کہ اسد شفیق 16 رنز پر اینڈریسن کی گیند کا شکار ہوئے۔

کپتان مصباح الحق 52 اور عبدالرحمن چار رنز بنا سکے۔ پاکستان کو اپنے حریف پر 96 رنز کی برتری حاصل ہے۔

میچ کے پہلے روز انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کا کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی باؤلروں خصوصاً سعید اجمل کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔ پوری ٹیم پہلی اننگز میں 192 رنز بنا کرآؤٹ ہوئی۔

منگل کو مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب ابتدائی بلے باز الیسٹر کک صرف تین رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اعزاز چیمہ کی گیند کا شکار ہونے والے ٹراٹ صرف 17 رنز بنا سکے۔

اس کے بعد جب سعید اجمل گیند کرانے آئے تو ٹیسٹ کرکٹ کی اول نمبر کی ٹیم انگلینڈ کے بلے بازوں کی ایک نہ چل سکی۔ انھوں نے 55 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں۔

مہمان ٹیم کے میٹ پرائر 70 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کے اسپنر عبدالرحمن نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان دبئی کے اس گراؤنڈ میں اس سے قبل دو ٹیسٹ میچ کھیل چکا ہے جس میں سے ایک میں اسے کامیابی حاصل ہوئی جبکہ دوسرا میچ بے نتیجہ رہا۔

XS
SM
MD
LG