رسائی کے لنکس

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، پہلا ٹیسٹ ہار جیت کے بغیر ختم


ٌپاکستانی کپتان مصباح الحق (فائل فوٹو)
ٌپاکستانی کپتان مصباح الحق (فائل فوٹو)

ابھی چار وکٹوں پر انگلینڈ کی ٹیم جیت سے 25 رنز کی دوری پر تھی کہ امپائرز نے کم روشنی کے باعث میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ دلچسپ مقابلے کے بعد ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔

ہفتہ کو ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز پاکستان کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 173 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اس نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 99 رنز کا ہدف دیا۔

انگلینڈ نے نسبتاً آسان ہدف کا تعاقب شروع ہی کیا تو صرف 13 کے مجموعی اسکور پر اس کی پہلی وکٹ گر گئی۔ لیکن برطانوی بلے بازوں نے وکٹیں گرنے کے باوجود میچ پر اپنی گرفت برقرار رکھی۔

ابھی چار وکٹوں پر انگلینڈ کی ٹیم جیت سے 25 رنز کی دوری پر تھی کہ امپائرز نے کم روشنی کے باعث میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور اپنی پہلی اننگز 523 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر ختم کر دی تھی۔ اس اننگز کی خاص بات پانچ سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپس آنے والے شعیب ملک کی ڈبل سینچری اور اسد شفیق کی سنچری تھی۔

شعیب نے 245 اور اسد شفیق نے 107 رنز بنائے تھے لیکن دونوں بلے باز دوسری اننگز میں بالترتیب صفر اور چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ نے بھی اپنی پہلی اننگز میں حریف باؤلروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور میچ کے آخری روز 598 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا۔

اس اننگز میں کپتان الیسٹر کک 263 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

انگلینڈ کی طرف سے مجموعی طور پر عادل راشد نے پانچ، اینڈرسن اور اسٹوکس نے چار، چار، معین علی نے دو، براڈ اور ووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی طرف سے مجموعی طور پر شعیب ملک نے چار، وہاب ریاض اور ذوالفقار بابر نے تین، تین، عمران خان نے دو اور راحت علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کے کپتان الیسٹر کک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز کا دوسرا میچ 22 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG