رسائی کے لنکس

دوسرا ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار


چوتھے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنا رکھے تھے۔ میچ جیتنے کے لیے اسے مزید 144 رنز درکار ہیں۔

سری لنکا کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار ہے اور بظاہر میزبان ٹیم ٹیسٹ سیریز میں دو، صفر سے کامیابی حاصل کرتی نظر آ رہی ہے۔

کولمبو میں کھیلے جا رہے میچ کے چوتھے روز اتوار کو سری لنکا کی ٹیم 282 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 271 رنز کا ہدف دیا۔

اپنے کیئریر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلے والے جے وردنے 54 جب کہ سنگاکارا 59 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض اور سعید اجمل نے تین، تین جب کہ عبدالرحمن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستانی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز شروع کی تو ایک بار پھر اس کے بلے باز حریف باؤلروں کا جم کر مقابلہ نہ کر سکے۔ 17 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد صرف 55 رنز پر اس کے پانچ کھلاڑی پولین لوٹ چکے تھے۔

چوتھے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنا رکھے تھے۔ میچ جیتنے کے لیے اسے مزید 144 رنز درکار ہیں جب کہ اس کے پاس ایک دن اور تین وکٹیں باقی ہیں۔

پہلی اننگز میں نو وکٹیں حاصل کرنے والے ہیراتھ نے اتوار کو مزید چار وکٹیں حاصل کیں۔ پراساد کے حصے میں دو اور ایک وکٹ پریرا کے حصے میں آئی۔

XS
SM
MD
LG