رسائی کے لنکس

ایشیا کپ: پاکستان کو بھارت کے خلاف 246 رنز درکار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارتی کپتان ویرات کوہلی پاکستانی ٹیم کے لیے ایک بڑا خطرہ تصور کیے جارہے تھے لیکن وہ عمر گل کی ایک گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انھوں نے پانچ رنز اسکور کیے۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 246 رنز کا ہدف دیا۔

بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس نے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔

بھارت کو پہلا نقصان صرف 18 رنز کے عوض شیکھر دھون کی صورت میں اٹھانا پڑا جو دس رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

کپتان ویرات کوہلی پاکستانی ٹیم کے لیے ایک بڑا خطرہ تصور کیے جارہے تھے لیکن وہ عمر گل کی ایک گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انھوں نے پانچ رنز اسکور کیے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی روہت شرما تھے جنہیں محمد طلحہ کی گیند پر محمد حفیظ نے کیچ آؤٹ کیا۔ انھوں نے دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 56 رنز اسکور کیے۔ اجنکیا راہانے کی وکٹ بھی محمد طلحہ کے حصے میں آئی۔

پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی دنیش کارتک تھے جو 23 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ریادو 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ایشون صرف نو رنز بنا سکے۔ محمد شامی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے سعید اجمل نے تین، محمد حفیظ اور محمد طلحہ نے دو، دو اور عمر گل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس ٹورنامنٹ میں پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان پانچ پوائنٹس کے ساتھ آگے ہے جب کہ بھارت نے چار پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔

پاکستانی ٹیم میں انور علی کی جگہ محمد طلحہ جب کہ بھارت نے اسٹیورٹ کی جگہ امیت مشرا کو شامل کیا ہے۔

ٹاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ یہ سب کھلاڑیوں کے لیے بہتر کھیل پیش کر کے ہیرو بننے کا ایک بڑا موقع ہے۔ ان کے بقول یہ ’’ہمیشہ پریشر گیم‘‘ رہی ہے۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر وہ بھی پہلے باؤلنگ ہی کا فیصلہ کرتے۔
XS
SM
MD
LG