رسائی کے لنکس

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ، دوسرا ٹیسٹ میچ بھی ڈرا

  • عمیر ریاض

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ، دوسرا ٹیسٹ میچ بھی ڈرا

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ، دوسرا ٹیسٹ میچ بھی ڈرا

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دبئی میں کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ بدھ کے روز ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔

دونوں ممالک کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا ابو ظہبی میں ہونے والا پہلا میچ بھی گزشتہ ہفتے ڈرا ہوگیا تھا۔ آج کے میچ کے ڈرا ہونے کے بعد سیریز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئی ہے۔

میچ کے آخری دن جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز حیرت انگیز طور پر قدرے تاخیر سے ڈکلیئر کرتے ہوئے پاکستان کو 82 اوورز میں 354 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ پہلی اننگز میں 150 رنز کی برتری رکھنے والے پروٹیز نے آخری دن چھ مزید اوورز کھیلنے کے بعد 203 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔

جواباً اوپنرز محمد حفیظ اور توفیق عمر نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک پاکستان کا اسکور 66 رنز تک پہنچایا تاہم وقفے کے بعد جنوبی افریقن اسپنرز پال ہیرس اور جوہان بوتھا نے سات بالوں میں بغیر کوئی رن دئیے لگاتار تین وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کیلئے مشکل صورتِ حال پیدا کردی۔ توفیق عمر 30، محمد حفیظ 34 جبکہ یونس خان بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

تاہم کپتان مصباح الحق اور اظہر علی نے چوتھی وکٹ کی ناقابلِ شکست شراکت سے پاکستانی اسکور میں 87 رنز کا اضافہ کرکے میچ کے ہار جیت کے فیصلے کے بغیر اختتام کو یقینی بنادیا۔ مصباح نے140 بالوں پر 58 جبکہ اظہر الیاس نے 135 بالوں پر28 رنز بنائے۔

جنوبی افریقی کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئر 278 رنز کی اننگز کھیلنے پر "مین آف دی میچ" اور یاک کیلس دونوں ٹیسٹ میچز میں سنچری اسکور کرنے پر "مین آف دی سیریز" قرار پائے۔

XS
SM
MD
LG