رسائی کے لنکس

آخری ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی


آخری ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی
آخری ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں سری لنکا کو 3 وکٹوں سے ہراکر سیریز 1-4 سے جیت لی ہے۔

بدھ کو ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 218 رنز بنائے تھے اور اس کے 9 کھلاڑی آئوٹ ہوئے تھے۔

جواباً پاکستان نے 219 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان 2ء47 اوورز میں حاصل کرلیا۔ عمر اکمل کو 61 رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلنے پر 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 25 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد حفیظ 14 کے انفرادی اسکور پر آئوٹ ہوگئے۔ دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی اسد شفیق تھے جنہوں نے 26 رنز بنائے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 25 ویں اوور میں یونس خان کی گری جو 34 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اگلی ہی گیند پر سابق کپتان شعیب ملک بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے تو پاکستان کا اسکور چار وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز تھا۔

تاہم اس کے بعد کپتان مصباح الحق اور عمر اکمل نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں پاکستان کے مجموعی اسکور میں 84 رنز کا اضافہ کرکے ہدف تک رسائی ممکن بنائی۔

مصباح 43ویں اوور میں 66 رنز بنا کر کیچ آئو ٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 197 رنز تھا۔ ایک اوور بعد سابق کپتان شاہد آفریدی بھی صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کے آئوٹ ہونے والے آخری کھلاڑی سہیل تنویر تھے حو 215 کے مجموعی اسکور پر صرف 1 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ عمر اکمل نے 61 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے جیوان مینڈس نے 3 اور فرنانڈو نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جب کہ ملنگا اور میتھیوز نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابتدائی طور پر ٹیم مشکلات کا شکار نظر آئی جب اس کے چار کھلاڑی محض 46 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ ابتدائی بلے باز تھرنگا 3، کپتان دلشان 12، چندی مل 7 اور چمارا سلوا 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سنگاکارا نے پراعتماد کھیل پیش کرتے ہوئے 78 رنز بنائے جس میں آٹھ چوکے شامل ہیں۔ انھیں محمد حفیظ کی گیند پر مصباح الحق نے کیچ آؤٹ کیا۔ دوسرے قابل ذکر بلے باز میتھیوز رہے جنہوں نے 61 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے سہیل تنویر نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عمر گل، جنید خان، شاہد آفریدی، سعید اجمل اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

دبئی میں کھیلے جانے والے چوتھے میچ میں فتح حاصل کرنے کے بعد ایک روزہ میچوں کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان ایک درجہ بہتری کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر آگیا تھا جسے برقرار رکھنے کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری تھا۔

پاکستان سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز پہلے ہی ایک، صفر سے جیت چکا ہے۔ دورے کا واحد ٹی20 میچ جمعہ کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG