رسائی کے لنکس

دوسرا ٹیسٹ: پہلی اننگز میں پاکستان 165 رنز پر آؤٹ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سری لنکا نے ٹاس جیت پر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی لیکن ابتدائی بلے باز خرم منظور کے علاوہ کوئی پاکستانی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

سری لنکا کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے بلے باز حریف باؤلروں کا جم کر سامنا نہ کرسکے اور میچ کے پہلے ہی روز 165 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

بدھ کو دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت پر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جسے محض 28 کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان احمد شہزاد کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ صرف تین رنز بناسکے۔

محمد حفیظ نے خرم منظور کے ساتھ مل کر کچھ دیر تک سری لنکن باؤلروں کا ذمہ داری سے سامنا کیا لیکن یہ ساتھ دیرپا ثابت نہ ہوا اور وہ 21 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔

سابق کپتان محمد یونس 13 جب کہ کپتان مصباح الحق صرف ایک رن بنا سکے۔ ابتدائی بلے باز خرم منظور 73 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ بلاول بھٹی 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی طرف سے پرادیپ اور ہیراتھ نے تین، تین جب کہ لکمل اور ایرنگا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

پہلے دن کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنائے تھے۔

اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں وکٹ کیپر عدنان اکمل کی جگہ سرفراز احمد کو شامل کیا گیا۔ عدنان پہلے میچ میں انگلی پر چوٹ لگنے کی وجہ سے اس سیریز کے باقی میچوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔
XS
SM
MD
LG