رسائی کے لنکس

آخری ایک روزہ میچ ، پاکستان کو جیت کے لیے 219 رنز درکا


پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق اس میچ میں شامل نہیں ہیں

پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق اس میچ میں شامل نہیں ہیں

ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 219 رنز کا ہدف دیا ہے۔

بدھ کو سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ابتدائی طور پر ٹیم مشکلات کا شکار نظر آئی جب اس کے چار کھلاڑی محض 46 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوکر پولین لوٹ گئے۔ ابتدائی بلے باز تھرنگا تین، کپتان دلشان 12، چندی مل سات اور چمارا سلوا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سنگکارا نے پراعتماد کھیل پیش کرتے ہوئے 78 رنز بنائے جس میں آٹھ چوکے شامل ہیں۔ انھیں محمد حفیظ کی گیند پر مصباح الحق نے کیچ آؤٹ کیا۔ دوسرے قابل ذکر بلے باز میتھیوز رہے جنہوں نے 61 رنز بنائے۔

سری لنکا نے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے سہیل تنویر نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عمر گل، جنید خان، شاہد آفریدی، سعید اجمل اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

پاکستان کو سیریز میں تین، ایک سے برتری حاصل ہے۔ دبئی میں کھیلے جانے والے چوتھے میچ میں فتح حاصل کرنے کے بعد ایک روزہ میچوں کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان ایک درجہ بہتری کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر آگیا ہے جسے برقرار رکھنے کے لیے اسے یہ میچ جیتنا ضروری ہے۔

پاکستان کے آل راؤنڈر عبدالرزاق کندھے میں تکلیف کے باعث آخری ایک روزہ میچ اور ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔

پاکستان سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز پہلے ہی ایک، صفر سے جیت چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG