رسائی کے لنکس

پاکستان کو شکست، سری لنکا 'ایشیا کپ' کا فاتح


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے تھے۔ جواباً سری لنکا نے 261 رنز کا ہدف 2ء46 اوور میں بآسانی حاصل کرلیا۔

سری لنکا نے بارہویں 'ایشیا کپ' کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے 'ایشیا کپ' کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔

ہفتہ کو ڈھاکا میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے تھے۔

جواباً سری لنکا نے 261 رنز کا ہدف 2ء46 اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔ سری لنکا کی جانب سے لہیرو تھریمان 101 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ جیا وردھنے نے 75 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے تین اور جنید خان اور محمد طلحہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل دفاعی چیمپئن پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا اور صرف 18 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

کپتان مصباح الحق اور فواد عالم ٹیم کو مشکلات سے نکالنے میں کسی حد تک کامیاب رہے۔ مصباح الحق دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بعد ازاں کامران اکمل نے فواد عالم کا ساتھ آخری اوورز تک نبھایا لیکن اننگز کی دو گیندیں باقی تھیں کہ وہ بھی کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انھوں نے 59 رنز بنائے۔ فواد عالم نے 114 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

پاکستان کی پانچوں وکٹیں سری لنکا کے باؤلر لسیتھ مالنگا نے حاصل کیں اور 'مین آف دی میچ' قرار پائے۔

بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں سری لنکا بتدا سے ناقابل تسخیر رہا تھا اور اس نے پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور افغانستان کے خلاف اپنے چاروں لیگ میچ بھی جیت لیے تھے۔

پاکستان کو ایشیا کپ کے پہلے میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں بارہ رنز سے شکست ہوئی تھی جب کہ باقی تینوں میچوں خصوصاً بھارت اور بنگلہ دیش کے خلاف اس کی کارکردگی قابل ذکر رہی تھی۔

پاکستان نے دو سال قبل ڈھاکا ہی کے میدان میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر گیارہواں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جیتا تھا۔
XS
SM
MD
LG