رسائی کے لنکس

دوسرا ون ڈے، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 1 رن سے ہرادیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی بار ون ڈے سیریز جیتا ہے۔ کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پاکستان نے 23 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ایک رن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔

بدھ کو پورٹ الزبتھ میں کھیلا جانے والا میچ خاصا سنسنی خیز رہا جس میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہونے والے میچ کو 45، 45 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا جس میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 262 رنز بنائے۔

جواباً میزبان ٹیم چھ وکٹوں کے نقصان پر 261 رنز بناسکی۔ ہاشم آملہ کی 98 رنز کی اننگز اور کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کے 74 رنز بھی جنوبی افریقہ کو شکست سے نہ بچاسکے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 3، شاہد آفریدی نے 2 اور سعید اجمل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی بار ون ڈے سیریز جیتا ہے۔ کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 23 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

اس سے قبل بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہونے والے میچ کے آغاز میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستان کی ابتدا کچھ اچھی نہیں تھی اور صرف 22 کے مجموعی اسکور پر اس کی دو وکٹیں گر چکی تھیں۔

لیکن احمد شہزاد اور صہیب مقصود نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ دونوں نے بالترتیب 102 اور 42 رنز بنائے۔

پاکستان کی پوری ٹیم مقررہ 45 اوورز میں 262 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈیل اسٹین نے چھ جب کہ عمران طاہر اور میکلارن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر رہی تھی۔ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آخری میچ ہفتے کو سینچورین میں کھیلا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG