رسائی کے لنکس

پہلا ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کو 11 رنز سے ہرادیا


ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ پاکستان کو خوب راس آیا اور مسلسل کئی ماہ سے تنقید کا شکار پاکستانی بلے بازوں نے اگلے پچھلے تمام حساب بے باق کردیے۔

شارجہ میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 11 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی ہے۔

بدھ کو ہونے والے میچ میں پاکستان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو میچ جیتنے کےلیے 323 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواباً سری لنکا کی پوری ٹیم آخری اوور میں 311 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ پاکستان کو خوب راس آیا اور مسلسل کئی ماہ سے تنقید کا شکار پاکستانی بلے بازوں نے اگلے پچھلے تمام حساب بے باق کردیے۔

پاکستانی بلے بازوں نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 322 رنز بنائے۔

محمد حفیظ نے 122 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں سات چوکے اور چار چھکے بھی شامل تھے۔ صہیب مقصود نے 73 اور شرجیل خان نے 61 رنز اسکور کیے۔

سری لنکا کی جانب سے سرنگا لکمل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پریرا نے اور پراسنا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواباً سری لنکا نے مشکل ہدف کے تعاقب کی سر توڑ کوشش کی لیکن اس کی پوری ٹیم 4ء49 اوورز میں 311 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔

سری لنکا کی جانب سے پریرا 64 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے تین اور شاہد آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

آج کے میچ میں فتح کے بعد پاکستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ جمعے کو دبئی میں ہوگا۔

متحدہ عرب امارات میں ہونے والی اس سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ ایک روزہ میچوں سے قبل دو ٹی20 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی۔
XS
SM
MD
LG