رسائی کے لنکس

دوسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 37 رنز سے ہرادیا


گزشتہ میچ میں شاندار آل رائونڈر پرفارمنس دینے والے شاہد آفریدی کا جادو اس میچ میں نہ چل سکا اور وہ محض پانچ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ویسٹ انڈیز نے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں پاکستان کو 37 رنز سے شکست دے کر سیریز 1- 1 سے برابر کردی ہے۔

منگل کو گیانا میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس پر میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 232 رنز بنائے اور اس کے آٹھ کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔

جواباً پاکستان کی پوری ٹیم 48 اوورز میں 195 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ گیارہویں اوور میں احمد شہزاد کی گری جو 19 رنز بناسکے۔ شہزاد کے پویلین لوٹنے کے بعد قومی ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر ناصر جمشید نے 54 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ عمر اکمل نے 50 رنز بنائے۔ گزشتہ میچ میں شاندار آل رائونڈر پرفارمنس دینے والے شاہد آفریدی کا جادو اس میچ میں نہ چل سکا اور وہ محض پانچ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سنیل نارائن نے 26 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ ڈوین براوو نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

آج کے میچ میں پاکستان کی شکست کے بعد پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ سیریز کا تیسرا میچ جمعے کو گروس آئلٹ میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل گیانا ہی میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پاکستان نے 126 رنز سے فتح حاصل کی تھی جس میں ٹیم میں دوبارہ واپس آنے والے شاہد آفریدی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

آفریدی نے بلے بازی کے جوہر دکھاتے ہوئے 55 گیندوں پر 76 رنز بنائے تھے جب کہ باؤلنگ میں انھوں نے اپنے کیریئر کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 12 رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کی تھیں۔
XS
SM
MD
LG