رسائی کے لنکس

پاکستان نے آسٹریلیا کو 221 رنز سے ہرا دیا


کپتان مصباح الحق (فائل فوٹو)
کپتان مصباح الحق (فائل فوٹو)

پاکستان کی طرف سے ذوالفقار بابر نے پانچ اور اپنے کریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے یاسر شاہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ عمران خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

پاکستان نے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو 221 رنز سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

اتوار کو دبئی میں کھیلے جانے والے میچ کے پانچویں اور آخری روز آسٹریلیا کو جیت کے لیے 379 رنز درکار تھے اور اس کی چھ وکٹیں باقی تھیں۔

لیکن پاکستانی اسپنرز کی شاندار باؤلنگ کے وجہ سے اوپر تلے آسٹریلیا کی تین وکٹیں گر گئیں۔

اسمتھ نے پاکستانی باؤلروں کے سامنے کچھ مزاحمت کی لیکن یہ زیادہ دیرپا ثابت نہ ہوئی اور وہ 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

مچل جانسن نے بھی 61 رنز بنائے لیکن وہ بھی یاسر شاہ کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 216 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی طرف سے ذوالفقار بابر نے پانچ اور اپنے کریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے یاسر شاہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ عمران خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

15 سالوں میں یہ دوسری مرتبہ ہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دی۔ رنز کے لحاظ سے پاکستان کی یہ سب سے بڑی فتح ہے۔

یہ فتح پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے بھی بہت اچھی ثابت ہوئی کیونکہ آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں اس سے قبل کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں انھیں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا جس پر انھیں خاصی تنقید بھی برداشت کرنا پڑی۔

یونس خان نے اس میچ کی دونوں اننگز میں سینچریاں اسکور کیں اور وہ ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ یعنی 26 سینچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔

انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ میچوں کے لیے ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر یونس خان خاصے نالاں اور دل گرفتہ تھے لیکن ٹیسٹ میچ میں اپنی کارکردگی پر وہ مطمیئن دکھائی دیے۔

میچ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے تمام مداحوں، دوستوں اور احباب کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور وہ دوبارہ پاکستان کے لیے اپنی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے اس میچ میں احمد شہزاد اور سرفراز احمد نے بھی سینچریاں اسکور کیں۔

پاکستان نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 454 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلیا 303 رنز بنا سکا۔ دوسری اننگز پاکستان نے 286 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر ختم کردی تھی اور جیت کے لیے آسٹریلیا کو 438 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں وہ صرف 216 رنز بنا سکا۔

سیریز کا دوسرا اور آخری میچ 30 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG