رسائی کے لنکس

ہرارے ٹیسٹ: پاکستانی بیٹنگ کو یونس اور مصباح کا سہارا


پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک 168 رنز بنائے اور اس کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ہیں۔

ہرارے میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن میچ کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنا لیے ہیں اور اسے زمبابوے پر 90 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

اس سے قبل زمبابوے کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 327 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 249 رنز بنا سکی تھی۔

جمعرات کو میچ کے تیسرے دن میزبان ٹیم نے 281 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز کا کھیل دوبارہ شروع کیا لیکن ان کے بلے باز پاکستانی اسپنر سعید اجمل کے سامنے جم کر نہ کھیل سکے۔

پہلی اننگز میں والر 70، چیگمبورا 67 اور سکندر رضا 60 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

سعید اجمل نے سات وکٹیں حاصل کیں جب کہ جنید خان نے دو اور راحت علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک 168 رنز بنائے اور اس کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ہیں۔

پاکستان کی دوسری اننگزکا آغاز بھی کچھ بہتر نہیں ہوا اور اوپنر خرم منظور 5، اظہر علی 0 اور محمد حفیظ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

تاہم اس موقع پر کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 116 رنز بنا کر رن ریٹ کو سہارا دیا۔مصباح 52 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

تیسرے دن کے میچ کے اختتام پر یونس خان 76 اور اسد شفیق 15 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

زمبابوے نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی لیکن اس کے بلے بازپہلی اننگز میں حریف باؤلروں کے سامنے قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔

اس دورے میں کھیلے گئے دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز پاکستان دو، صفر جب کہ تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز دو، ایک سے جیت چکا ہے۔
XS
SM
MD
LG