رسائی کے لنکس

پی سی بی کا اجمل کو خصوصی انعام دینے کا اعلان


سعید اجمل
سعید اجمل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ کوئی سعید اجمل کو انعام دے یا نہ دے ہمیں اس سےکوئی غرض نہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے آف اسپن باؤلر سعید اجمل کو خصوصی ایورڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔

پی سی بی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے یہ اعلان شاندار کارکردگی دکھانے کے باوجود بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے سال کے بہترین کھلاڑی کی فہرست میں سعید اجمل کو نظر انداز کرنے کے ردعمل میں کیا۔

پیر کو دبئی میں قومی ٹیم کے لیے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں ذکا اشرف نے سعید اجمل کی کارکردگی کو زبردست الفاظ میں سراہا۔

’’سعید اجمل، ہم اب بھی یہی کہیں گے کہ آپ دنیا میں نمبر ون باؤلر ہو اور پی سی بی اس کا اعتراف کرتا ہے کوئی اور آپ کو انعام دے یا نہ دے ہمیں اس سےکوئی غرض نہیں۔‘‘

اُنھوں نے سعید اجمل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہے اور’’جب آپ ٹی ٹونٹی عالمی کپ سے وطن واپس لوٹیں گے تو ہم آپ کو دنیا کا نمبر ون باؤلر ہونے پر انعام دیں گے‘‘۔

آئی سی سی کی فہرست میں قومی ٹیم کے اس اہم کھلاڑی کو نظر انداز کیے جانے پر پاکستان میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے اوراس بات کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستانی ٹیم 15 ستمبر کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرنے کے لیے بلائی گئی تقریب کا بائیکاٹ کردے۔

لیکن چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے ابھی ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے کیونکہ یہ ایک ’’انتہائی اقدام‘‘ ہوگا۔


پی سی بی کے چیئر مین ذکا اشرف
پی سی بی کے چیئر مین ذکا اشرف
’’لیکن ہم پر بہت زیادہ دباؤ ہے۔ پاکستان میں شائقین نے اجمل کی حمایت میں مظاہرے کیے ہیں اور ہم نے پاکستانی عوام کے ان احساسات سے آئی سی سی کو مطلع کردیا ہے۔ ’’حتیٰ کہ پارلیمان میں بھی اس معاملے کو اُٹھایا گیا ہے۔ ملک میں ایک بڑی بحث چل نکلی ہے اور مجھے معلوم نہیں کے اس بارے میں حتمی فیصلہ کیا کیا جائے گا۔‘‘

ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی آئی سی سی کی بہترین باؤلروں کی فہرست میں اجمل سرفہرست ہیں اور ٹیسٹ میچوں میں وہ تیسرے نمبر پر ہیں لیکن عالمی تنطیم کے کسی سالانہ ایوارڈ کے لیے اُنھیں نامزد نہیں کیا گیا۔

چار اگست 2011 سے چھ اگست 2012 کے عرصے کے دوران سعید اجمل نے ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی میچوں میں مجموعی طور پر 120 وکٹیں حاصل کیں جن میں اس سال جنوری - فروری میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں میں اُن کی 24 وکٹیں بھی شامل ہیں۔
XS
SM
MD
LG