رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ نے ٹیسٹ سیریز اپنے نام کرلی


جنوبی افریقہ کی فتح
جنوبی افریقہ کی فتح

جنوبی افریقہ ٹیسٹ میچ کے ساتھ ساتھ پاکستان سے تین صفر کے مقابلے میں سیریز بھی جیت گیا، اور اُسے ’کلین سویپ‘ کا اعزاز بھی مل گیا

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو سنچورین ٹیسٹ میں ایک اننگزاور اٹھارہ رنز سے شکست دیکر نہ صرف ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کرلی بلکہ میزبان جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف کلین سوئپ بھی مکمل کی۔

میچ کی خاص بات جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے فاسٹ باؤلر کائل ایبٹ کے نو شکار تھے جبکہ پاکستانی بیٹنگ لائن جنوبی افریقہ کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔

پاکستان کی بیٹنگ ہر بار کی طرح ایک بار پھر ناکام رہی اورسنچورین ٹیسٹ میں کوئی بھی پاکستانی بلے باز جنوبی افریقہ کے باؤلرز کو جم کر نہ کھیل سکا۔

جنوبی افریقہ کے کپتان گریم اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور وکٹ کیپر اے بی ڈیویلیئر کے ناقابل شکست 121 ، ان فام ہاشم آملہ کے 92 اور ورنن فیلینڈر کے 74 رنز کی بدولت 409 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف بنا ڈالا۔

پہلی اننگ میں پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر محمد راحت سے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاجبکہ احسان عادل نے دو اور یونس خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستان پہلی اننگ میں صرف 156 رنز بنا سکی اور فالو آن کا شکار ہو گئی۔ جنوبی افریقی کپتان نے پاکستان کو دوبارہ کھیلنے کی دعوت دی لیکن پاکستانی بلے باز دوسری اننگ میں بھی بری طرح ناکام رہے اور پوری پاکستانی ٹیم 235 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اس طرح ساؤتھ افریقہ کو ایک اننگ اور 18 رنز سے کامیا بی حاصل ہوئی۔

پہلی اننگ میں جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کائل ایبٹ پاکستا ن پرخوب ٹوٹے اور سات پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ورنن فیلینڈر نے دو اور ڈیل اسٹین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسری اننگ میں ڈیل اسٹین نے پہلی ہی گیند پر اوپنر محمد حفیظ کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھ دی اور پھر پوری پاکستانی ٹیم صرف 235 رنز ہی بنا سکی۔ دوسری اننگ میں عمران فرحت پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 43 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے جبکہ وکٹ کیپر سرفراز احمد نے 40 رنز بنائے ۔ سعید اجمل اور محمد راحت نے بھی با لترتیب 31 اور22 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے سیکنڈ اننگ میں ڈیل اسٹین نے چار کھلاڑیوں ، کائل ایبٹ اور روری کلینولٹ نے دو دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ رابن پیٹرسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

محمد حفیظ تین ٹیسٹ میچز کی چھ اننگز میں صرف 43 رنز ہی اسکور کر سکے۔جبکہ تجربہ کار یونس خان اور کپتان مصبا ح ا لحق بھی توقعات پر پورا نہ اتر سکے ۔اظہر علی اور اسد شفیق بھی پاکستان کو شکست سے بچانے میں ناکام رہے۔
XS
SM
MD
LG