رسائی کے لنکس

دوسرا ون ڈے: سری لنکا کی دو وکٹوں سے فتح، سیریز برابر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو 285 رنز کا ہدف دیا تھا جسے سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں حاصل کرلیا۔

دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔

جمعے کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو 285 رنز کا ہدف دیا تھا جسے سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں حاصل کرلیا۔

سری لنکا کی جانب سے سنگاکارا 58 رنز کےساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ کپتان اینجلو میتھیوز نے 47 رنز بنائے۔ سری لنکا نے مقررہ ہدف 4ء49 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے تین اور شاہد آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ سعید اجمل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس پر قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے۔

پاکستان کو ابتدا میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر شرجیل خان صرف سات رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

ان کے بعد احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے کچھ دیر تک سری لنکن باؤلرز کے خلاف مزاحمت کی اور اسکور کو 84 رنز تک لے گئے۔ پہلے میچ میں شاندار سینچری اسکور کرنے والے محمد حفیظ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی صہیب مقصود تھے جو 29 ویں اوور میں 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا مجموعی اسکور 128 رنز تھا۔

تاہم اس دوران اوپنر احمد شہزاد نے وکٹ کا ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور صہیب مقصود کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان مصباح الحق کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں قومی ٹیم کے اسکور میں 105 رنز کا اضافہ کیا۔

احمد شہزاد آٹھ چوکوں کی مدد سے 124 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ٹاپ اسکورر رہے۔ کپتان مصباح نے 59 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ شاہد آفریدی نے بھی 15 گیندوں پر 30 رنز اسکور کیے۔

سری لنکا کی جانب سے کلاسیکارا، ملنگا اور پراسنا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آج کے میچ میں سری لنکا کی فتح کے بعد پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔ بدھ کو شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں قومی ٹیم نے سری لنکا کو 11 رنز سے ہرایا تھا۔

سیریز کی تیسرا میچ اتوار کو شارجہ میں ہوگا۔
XS
SM
MD
LG