رسائی کے لنکس

آسٹریلیا میں جاری سہ ملکی سیریز کے آخری راؤنڈ میچ میں سری لنکا نے میزبان ٹیم کو 9 رن سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنالی ہے جب کہ بھارت مقابلے سے آؤٹ ہوگیا ہے۔

جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی شکست کی صورت میں بھارت فائنل تک رسائی حاصل کرلیتا۔ لیکن سری لنکن ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان آسٹریلیا کو شکست دیدی جو پہلے ہی فائنل میں اپنی جگہ بنا چکا ہے۔

میلبرن میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں 238 رن بنائے تھے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ڈین کرسچن نے 9 اوور میں 31 رن دے کر سمیت 5 وکٹیں حاصل کیں جن میں ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔ جمیز پیٹنسن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواباً آسٹریلیا کی پوری ٹیم 239 رن کے ہدف کے تعاقب میں آخری اوور کی پہلی گیند پر229 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ لسیتھ ملنگا نے 4 اور کلاسیکارا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

سیریز کا فائنل آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان 'بیسٹ آف تھری' کی بنیاد پر کھیلا جائے گاجس کا پہلا میچ اتوار کو برسبن میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG