رسائی کے لنکس

’پہلا ہدف ورلڈ کپ تک رسائی‘: مِکی


پاکستان اور ویسٹ انڈیز دونوں کے سامنے ورلڈ کپ تک رسائی کا چیلنج ہے۔ حریف ٹیم بھی سخت کوشش کرے گی۔ ہم بھی سر دھڑ کی بازی لگائیں گے: پاکستانی کپتان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مِکی آرتھر نے کہا ہے کہ پہلا ہدف ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی ہے، جبکہ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں قومی ٹیم کے لیے مشکل ٹارگٹ ہے۔

منگل کو ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانگی سے قبل کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مِکی آرتھر کا کہنا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے مایوسی ہوئی؛ شرجیل خان اور خالد لطیف ماضی کا حصہ بن گئے۔

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز دونوں کے سامنے ورلڈ کپ تک رسائی کا چیلنج ہے۔ حریف ٹیم بھی سخت کوشش کرے گی۔ ہم بھی سر دھڑ کی بازی لگائیں گے۔ مشکل وقت میں قومی ٹیم کے لیے مشکل ٹارگٹ ہے۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد پہلی بار ون ڈے سیریز میں کپتانی کریں گے۔ انہیں اظہر علی کی جگہ کپتان بنایا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ میں چار ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے گی۔

پاکستان ٹیم 26مارچ کو بارباڈوس میں پہلے ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ دورے کا آغاز کرے گی جبکہ پہلا ون ڈے 7اپریل کو گایانا میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان ٹیم اس وقت عالمی درجہ بندی میں آٹھویں اور ویسٹ انڈیز نویں نمبر پر ہے اور دونوں ٹیموں کو 2019 ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی کا چیلنج درپیش ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی عالمی درجہ بندی میں ستمبر 2017 تک صف اول کی آٹھ ون ڈے ٹیمیں ایونٹ میں براہ راست رسائی کی اہل ہوں گی، جبکہ بقیہ ٹیموں کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔

XS
SM
MD
LG