رسائی کے لنکس

ٹنڈولکر کی سینچریوں کی سینچری


سچن ٹنڈولکر
سچن ٹنڈولکر

بھارت کے مایہ ناز بلے باز سچن ٹنڈولکر انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی سینچریوں کی سینچری مکمل کر کے یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کرکٹ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

تقریباً ایک سال کی مسلسل کوشش کے بعد 39 ٹنڈولکر نے یہ اعزاز ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے میچ میں حاصل کیا۔ انھوں نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 114 رنز بنائے۔

اننگز کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی بلے باز نے کہا کہ جب انھوں نے 99 سینچریاں بنا لیں تو کسی نے اس کا تذکرہ تک نہیں کیا لیکن پھر ان کے بقول یہ میدیا ہی تھا کہ جس کی بدولت ہر طرف ان کی سینچریوں کی سینچری کا انتظار کیا جانے لگا اور وہ اس وجہ سے کافی دباؤ بھی محسوس کرتے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ یہی کہیں گے کہ اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے کوشش کرتے رہنا چاہیے کیونکہ یہ ایک دن سچ ثابت ہوتے ہیں۔’’ کھیل کا لطف لو اور اپنے خوابوں کو حاصل کرو اور میرا خیال خواب سچ ضرور ثابت ہوتے ہیں، میرا ایک خواب 22 سال بعد سچ ثابت ہوا جب ہم نے(بھارت نے) 22 سال بعد ورلڈ کپ جیتا۔‘‘

انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 51 سینچریاں بنا رکھی ہیں جب کہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں جمعہ کو انھوں نے انچاسویں سینچری بنائی۔ ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا ریکارڈ بھی ٹنڈولکر کے پاس ہے۔

XS
SM
MD
LG