رسائی کے لنکس

معطل سلمان بٹ ورلڈ کپ میچز پر تبصرہ کریں گے


معطل سلمان بٹ ورلڈ کپ میچز پر تبصرہ کریں گے
معطل سلمان بٹ ورلڈ کپ میچز پر تبصرہ کریں گے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پابندی کا سامنا کرنے والے پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ نے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران ایک مقامی نجی ٹی وی چینل کے ساتھ بطورِ مبصر کام کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

ایک مقامی پاکستانی نیوز ٹی وی "چینل فائیو" کی جانب سے بدھ کے روز کیے گئے اعلان کے مطابق سلمان بٹ اور چینل انتظامیہ کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے جس کی رو سے سابق پاکستانی کپتان چینل کو ورلڈ کپ میچز پہ ماہرانہ تبصرے کیلئے دستیاب ہوں گے۔

چینل کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں سلمان بٹ کو گزشتہ ہفتے سنائی گئی سزا سے چینل کو کوئی فرق نہیں پڑتا اور ان کی جانب سے مسٹر بٹ سے معاہدے کا فیصلہ ان کے کرکٹ کے ماضی کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

چینل انتظامیہ کے مطابق انہوں نے سلمان بٹ کی خدمات خالصتاً ایک کرکٹ ماہر اور مبصر کے طور پر حاصل کی ہیں جسے کسی اور تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے۔

گزشتہ ہفتے آئی سی سی کے انسدادِ کرپشن ٹریبیونل نے گزشتہ سال اگست میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں جان بوجھ کر نو بالز کرانے کا جرم ثابت ہونے پر سلمان بٹ پر دس سال کی پابندی عائد کردی تھی۔

ٹریبیونل کی جانب سے اسپاٹ فکسنگ کیس کے دیگر دو ملزم کھلاڑیوں ، محمد آصف اور محمد عامر پر بھی بالترتیب سات سال اور پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

تینوں کھلاڑیوں کے پاس آئی سی سی کی جانب سے سنائی گئی سزا کے خلاف "انٹرنیشنل کورٹ آف آربیٹریشن فار اسپورٹس" کے سامنے اپیل کا حق حاصل ہے تاہم سلمان بٹ سمیت تینوں کھلاڑیوں نے تاحال اس بات کا عندیہ نہیں دیا ہے کہ وہ خود پر عائد کردہ پابندی کے خلاف اپیل کریں گے یا نہیں۔

سلمان بٹ اور دیگر دونوں معطل کھلاڑیوں پر لندن میٹروپولیٹن پولیس کی جانب سے رشوت وصول کرنے اور فراڈ کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں جن کی ابتدائی سماعت کیلئے ایک برطانوی عدالت نے انہیں17 مارچ کو طلب کر رکھا ہے۔

تاہم سلمان بٹ کو امید ہے کہ انہیں درپیش قانونی مسائل کا ان کے ٹی وی چینل پر بطورِ مبصر کام کرنے کے فیصلے پہ کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

ایک برطانوی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان بٹ نے ٹی وی چینل کے ساتھ اپنے معاہدے کی تصدیق کی۔ 78 ایک روزہ عالمی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ چونکہ وہ آج کل فارغ ہیں لہذا انہوں نے چینل کی جانب سے ورلڈ کپ کے دوران بطورِ ماہر کام کرنے کی پیشکش قبول کرلی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلمان بٹ اور نجی ٹی وی چینل کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر فوری تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے معاملے کا جائزہ لیاجارہاہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی آئی سی سی کی جانب سے عائد کردہ پابندی کا سامنا کرنے والے تینوں کھلاڑیوں کا سینٹرل کنٹریکٹ پہلے ہی منسوخ کرچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG