رسائی کے لنکس

کرکٹ ورلڈ کپ 2011، ٹیم پروفائل: بھارت


کرکٹ ورلڈ کپ 2011، ٹیم پروفائل: بھارت
کرکٹ ورلڈ کپ 2011، ٹیم پروفائل: بھارت

19 فروری سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ 2011 کا شریک میزبان بھارت 1975 سے اب تک ہونے والے گزشتہ تمام نو ورلڈ کپس میں شریک رہا ہے۔

1975ء اور 1979ء کے ابتدائی دو ورلڈ کپس میں بھارتی ٹیم پہلے راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ پائی تھی۔ تاہم1983ء میں انگلینڈ میں ہونے والے تیسرے ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم نے کپیل دیو کی قیادت میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر اپنا پہلا اور اب تک کا واحد ورلڈ کپ جیتا تھا۔

1987ء کے ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم سیمی فائنل میں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ 1992 ء کے ورلڈ کپ میں اسے ایک بار پھر پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ ہوکر ہزیمت اٹھانی پڑی۔ 1996ء کے عالمی کپ میں بھارتی ٹیم سیمی فائنل تک پہنچی مگر انجام 1987ء سے مختلف نہ تھا۔

1999ء میں بھی ٹیم کھیل کے دوسرے مرحلے سے آگے نہ پہنچ سکی جبکہ 2003ء کے عالمی کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا سے شکست کھا گئی۔

2007ء میں ہونے والے گزشتہ ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم اپنی تاریخ کی بد ترین شکست سے اس وقت دوچار ہوئی جب اسے بنگلہ دیش کے ہاتھوں مات کھا کر پہلے ہی مرحلے میں عالمی ایونٹ سے باہر ہونا پڑا۔

2011ء کے عالمی کپ میں بھارتی ٹیم کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں میدان میں اتری ہے۔ بیٹنگ سائیڈ پر ٹیم کا انحصار کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر پر ہوگا جو اپنا چھٹا اور آخری ورلڈ کپ کھیلیں گے۔ ان کے علاوہ بھارتی ٹیم بیٹنگ سائیڈ پر وریندر سہواگ اور یووراج سنگھ جبکہ بالنگ میں ظہیر خان اور ہربھجن سنگھ پر تکیہ کرے گی۔

بھارت نے اب تک ہونے والے نو ورلڈ کپس میں کل 58 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 32 میں اسے فتح حاصل ہوئی جبکہ 25 میں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کی ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں بھارت گروپ "بی" میں شامل ہے۔

ایونٹ کے افتتاحی میچ میں بھارت دوسرے شریک میزبان بنگلہ دیش کا 19 فروری کو ڈھاکہ میں سامنا کرے گا۔ بھارت اپنا دوسرا لیگ میچ 27 فروری کو انگلینڈ، تیسرا میچ 6 مارچ کو آئرلینڈ ، چوتھا میچ9 مارچ کو نیدرلینڈز، پانچواں میچ 12 مارچ کو جنوبی افریقہ جبکہ چھٹا اور آخری میچ20 مارچ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔

پہلے میچ کے علاوہ بھارت کے باقی تمام پانچ میچز ہوم گراؤنڈز پر کھیلے جائیں گے اور اس ایونٹ کیلئے "موسٹ فیورٹ" قرار دی جانے والی ٹیم کا اصل امتحان بھی یہی قرار دیا جارہا ہے کہ وہ ہوم گراؤڈ کے دباؤ پر کس طرح قابو پا کر اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتی ہے۔

بھارت نے اپنی سرزمین پر کھیلے گئے گزشتہ گیارہ ایک روزہ عالمی میچز میں سے دس میں فتح حاصل کی ہے جس کی بنیاد پر امید ظاہر کی جارہی ہے کہ بھارتی ٹیم لیگ میچز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اگلے راؤنڈ تک رسائی حاصل کرلے گی۔

بھارتی اسکواڈ کپتان مہیندرا سنگھ دھونی اور نائب کپتان وریندر سہواگ کے علاوہ روی چندرا ایشون، پیوش چاولہ، گوتم گمبھیر، ظہیر خان، ورت کوہلی، اشیش نہرا، مناف پٹیل، یوسف پٹھان، سریش رائنا، ہربھجن سنگھ، یووراج سنگھ، سری سانتھ اور سچن ٹنڈولکر پر مشتمل ہے۔

XS
SM
MD
LG