رسائی کے لنکس

کرکٹ ورلڈ کپ میں ڈبل سینچری کا ریکارڈ گیل کے نام


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے 372 رنز کی شراکت داری کا بھی نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا اور میچ جیتنے کے لیے زمبابوے کو ایک مشکل ترین ہدف دیا تھا اور یہ میچ اس نے 73 رنز سے جیت لیا۔

ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کرکٹ کے عالمی کپ کی تاریخ میں پہلی ڈبل سینچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

منگل کو کینبرا میں ورلڈ کپ کے پول بی کے میچ میں زمبابوے کے خلاف گیل نے 138 گیندوں پر یہ سنگ میل عبور کر کے تاریخ رقم کی۔

وہ 16 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 215 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس اننگز میں ایک اور ریکارڈ بھی بنا اور وہ تھا ایک روزہ میچوں میں طویل شراکت داری کا۔

کرس گیل اور مارلون سیموئیلز کی پارٹنرشپ 372 رنز کی رہی اور انھوں نے اس سے قبل بھارتی بلے بازوں راہول ڈراوڈ اور سچن ٹنڈولکر کی 331 رنز کی پارٹنرشپ کا ریکارڈ توڑا جو انھوں نے 1999ء میں حیدرآباد میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے بنایا تھا۔

سیموئلز نے تین چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 133 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی۔

اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کے ابتدائی بلے باز اسمتھ اننگز کی دوسری ہی گیند پر بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

کرس گیل اور سیموئلز کی شاندار بیٹنگ کے سامنے زمبابوے کے باؤلر بالکل بے بس نظر آئے۔

زمبابوے کو دوسری کامیابی کرس گیل کی وکٹ کی صورت میں حاصل ہوئی جو کہ میچ کی آخری گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز نے مقررہ پچاس اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 372 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے نے بھی خوب مقابلہ کیا۔ میچ کے دوران بارش کی وجہ سے ڈک ورتھ لوئس میتھیڈ کے تحت اس ہدف کو 363 رنز کر دیا گیا تھا۔

لیکن زمبابوے کی پوری ٹیم 44.3 اوورز میں 289 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یہ میچ ویسٹ انڈیز نے 73 رنز سے جیت لیا۔

زمبابوے کی طرف سے ولیمز 76 اور اروائن نے 52 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

ویسٹ انڈیز کے ٹیلر اور ہولڈر نے تین، تین، گیل نے دو جب کہ مل اور سیموئلز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پول بی میں دونوں ٹیموں کا یہ تیسرا میچ ہے جب کہ اس سے قبل کھیلے گئے میچوں میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف فتح حاصل کی تھی جب کہ آئرلینڈ کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

زمبابوے، متحدہ عرب امارات کو ہرا چکا ہے جب کہ جنوبی افریقہ سے اسے شکست کھانی پڑی۔

XS
SM
MD
LG