رسائی کے لنکس

سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کی ایک وکٹ سے فتح


میک کلم نے شاندار پچاس رنز اسکور کیے (فائل فوٹو)
میک کلم نے شاندار پچاس رنز اسکور کیے (فائل فوٹو)

میچ پوری طرح سے آسٹریلیا کے پلڑے میں جاتا دکھائی دے رہا تھا کہ ولیمسن نے چھکا لگا کر نیوزی لینڈ کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

نیوزی لینڈ نے کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں آسٹریلیا کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی ہے۔

آکلینڈ میں ہفتہ کو کھیلے گئے اس میچ کو گیارہویں ورلڈ کپ کا سب سے سنسنی خیز میچ قرار دیا جارہا ہے۔

آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ لیکن اس کی پوری ٹیم غیر متوقع طور پر صرف 32.2 اوورز میں 151 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

کیوی باؤلروں نے کینگرو بلے بازوں کو خوب آڑے ہاتھوں لیا کسی کو بھی وکٹ پر قدم جمانے نہیں دیے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آسٹریلیا کی طرف سے ہیڈن 43 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز تھے۔

بولٹ نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ساؤتھی اور وٹوری نے دو، دو ایک اینڈرسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے یہی کہا جا رہا تھا کہ یہ میچ وہ آسانی سے جیت لے گا اور اس کے بلے بازوں نے کافی حد تک اس خیال کو تقویت بھی بخشی۔

میک کلم نے 50 رنز بنائے جس میں تین چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔

لیکن پھر میچ میں وہ صورتحال بھی دیکھنے میں آئی جب صرف 131 رنز پر نیوزی لینڈ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

یہیں سے میچ سنسنسی خیز لمحات میں داخل ہوا اور اسٹارک کی شاندار باؤلنگ کی بدولت صورتحال کچھ یوں تبدیل ہوگئی کہ نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 6 رنز درکار تھے اور اس کے پاس صرف ایک وکٹ باقی تھی۔

میچ پوری طرح سے آسٹریلیا کے پلڑے میں جاتا دکھائی دے رہا تھا کہ ولیمسن نے چھکا لگا کر نیوزی لینڈ کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے اسٹارک نے چھ، کممنز نے دو اور میکسویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پول اے میں نیوزی لینڈ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ آسٹریلیا تین پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG