رسائی کے لنکس

پاکستان نے امارات کو 129 رنز سے شکست دے دی


شاہد آفریدی
شاہد آفریدی

شاہد آفریدی کو کھیلنے کے لیے صرف سات گیندیں ہی مل سکیں لیکن انھوں نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 21 رنز بنا کر ایک روزہ میچوں میں آٹھ ہزار انفرادی رنز کا سنگ میل عبور کر لیا۔

کرکٹ کے عالمی کپ کے پول بی کے ایک میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 129 رنز سے شکست دے دی ہے۔

بدھ کو نپیئر میں کھیلے گئے میچ میں امارات نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے ابتدائی بلے باز ناصر جمشید نے اس میگا ایونٹ میں اپنی روایت کو برقرار رکھا اور صرف چار رنز بنا کر پویلین چلتے بنے۔

احمد شہزاد اور حارث سہیل نے جم کر کھیلتے ہوئے ٹیم کو 160 رنز کی شراکت فراہم کی لیکن جب ٹیم کا اسکور 170 رنز تھا تو حارث سہیل 70 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہوگئے۔

مجموعی اسکور میں صرف مزید چھ رن کے اضافے کے بعد احمد شہزاد رن آوٹ ہوئے اور صرف سات رنز کے فرق سے اپنی سینچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔

کپتان مصباح الحق اور صہیب مقصود نے اولاً ذمہ داری سے بیٹنگ کرنا شروع کی جس سے اسکور بننے کی رفتار قدرے سست ہو گئی۔

بعد ازاں صہیب نے جارحانہ انداز اپنایا اور دو شاندار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری کی طرف گامزن تھے کہ 45 کے انفرادی اسکور پر کیچ آوٹ ہوگئے۔

انچاسویں اوورز میں دو گیندوں پر پہلے عمر اکمل اور پھر کپتان مصباح الحق آوٹ ہوئے۔ انھوں نے بالترتیب 16 اور 65 رنز بنائے۔

شاہد آفریدی کو کھیلنے کے لیے صرف سات گیندیں ہی مل سکیں لیکن انھوں نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 21 رنز بنا کر ایک روزہ میچوں میں آٹھ ہزار انفرادی رنز کا سنگ میل عبور کر لیا۔

گزشتہ میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے وہاب ریاض نے اس میچ میں صرف ایک ہی گیند کا سامنا کیا جس پر انھوں نے چھکا لگایا۔

امارات کی طرف سے گرگے نے چار اور محمد نوید نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں متحدہ عرب امارات مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنا سکی۔

شائمان انور دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر امارات کے نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی طرف سے سہیل خان، وہاب ریاض اور شاہد آفریدی نے دو، دو جب کہ راحت علی اور صہیب مقصود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کے احمد شہزاد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG