رسائی کے لنکس

پاکستان کی پہلی کرکٹ ٹیم میں شامل امتیاز احمد انتقال کر گئے


پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان امتیاز احمد 89 سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔

وہ گزشتہ کچھ دنوں سے لاہور کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔

امتیاز احمد پاکستان کی پہلی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں شامل تھے اور وکٹ کیپر بیٹسمین تھے۔

امیتاز احمد 1928 میں پیدا ہوئے اور 1952 میں ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز کیا۔ اُنھوں نے 41 ٹیسٹ میچوں میں دو ہزار سے زائد رنز بنائے۔

اکتوبر 1955 میں انہوں نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے خلاف کھیلتے ہوئے 209 رنز بنائے، اور وہ پاکستان کی طرف سے ڈبل سنچری بنانے والے پہلے وکٹ کیپر بیٹسمین تھے۔

سن 1961 اور 1962 میں انگلینڈ کے خلاف میچوں میں امتیاز احمد نے قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کی تھی۔

جب کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اُنھوں 130 میچوں میں لگ بھگ 10 ہزار زنر بنائے۔

امتیاز احمد پاکستان فضائیہ سے وابستہ رہے اور اُنھیں حکومت کی طرف سے 1966 میں ’پرائیڈ آف پرفارمنس‘ سے نوازا گیا۔

امتیاز احمد ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی مختلف عہدوں پر فائز رہے۔

امتیاز احمد بیٹنگ کے اپنے اسٹائل کی وجہ سے نمایاں رہے خاص طور پر گھٹنا زمین پر ٹکا کر شارٹ کھیلنا ان کا ایک منفرد انداز تھا اور اسی انداز میں پچاس اور ساٹھ کی دہائیوں میں رسالوں و اخبارات میں اں کی تصاویر شائع ہوا کرتی تھیں۔

امتیاز احمد کی تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے اور وہ چاروں ڈاکٹر ہیں۔ اسپتال میں علاج کرنے والوں کی ٹیم میں اُن بچے بھی شامل تھے۔

XS
SM
MD
LG