رسائی کے لنکس

رائن سی کروکر ’براڈکاسٹنگ بورڈ‘ کے گورنر نامزد


فائل
فائل

اُنھوں نے امریکی محکمہٴخارجہ میں37برس تک خدمات انجام دیں اور 2012ء میں ریٹائر ہوئے، جس دوران وہ عراق، پاکستان، شام، کویت، لبنان اور ماضی قریب میں افغانستان کے سفیر رہ چکے ہیں

صدر براک اوباما نےسابق سفیر، رائن سی کروکر کی بطور امریکہ کے ’براڈکاسٹنگ بورڈ آف گورنرز‘ (بی بی جی) کے سربراہ کے نامزدگی کا اعلان کیا ہے۔

وہ ’وائس آف امریکہ‘ اور حکومتی اعانت سے چلنے والے میڈیا کے دیگر بین الاقوامی اداروں کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔

کروکر کو حالیہ عشروں کے دوران، امریکہ کے ایک نمایاں ترین سفارت کار کی حیثیت حاصل رہی ہے۔

اُنھوں نے امریکی محکمہٴخارجہ میں37برس طویل عرصے تک خدمات انجام دیں اور 2012ء میں ریٹائر ہوئے، جس دوران وہ عراق، پاکستان، شام، کویت، لبنان اور ماضی قریب میں افغانستان کے سفیر رہ چکے ہیں۔

سنہ 2009میں جب عراق میں سفیر کے طور پر اُن کی تعیناتی مکمل ہوئی، سابق صدر جارج ڈبلیو بُش نے اُنھیں صدارتی ’میڈل آف فریڈم‘ تفویض کرنے کا اعلان کیا، جو امریکہ کا اعلیٰ ترین سویلین تمغہ ہے۔

بعدازاں، کروکر تعلیم و تدریس سے وابستہ رہے۔

لیکن، صدر اوباما نے 2011ء میں اُنھیں پھر سے خارجہ امور کی خدمات سونپنے کی پیش کش کی، اور امریکی سینیٹ نے اتفاقِ رائے سے افغانستان کے سفیر کے طور پر اُن کی تعیناتی کی توثیق کی۔


رائن سی کروکر 63 برس کے ہیں، جنھیں نمایاں خدمات بجا لانے کے باعث، محکمہ خارجہ اور محکمہٴ دفاع کی طرف سے اعلیٰ اعزازات سے مل چکے ہیں۔

سنہ 2012میں جب وہ امریکی سفیر کے طور پر فرائض انجام دے کر کابل سے روانہ ہوئے، تب سے وہ ’ییل یونیورسٹی‘ میں’کسنجر سینئر فیلو‘ کے طور پر کام کر رہے تھے۔

وائٹ ہاؤس کی طرف سے کیے گئے اِس اعلان میں یہ نہیں بتایا گیا آیا اِس صدارتی نامزدگی کو توثیق کے لیے سینیٹ کے سامنے کب پیش کیا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG