رسائی کے لنکس

دارفر میں مئی کے دوران 600 ہلاکتیں


دارفر میں مئی کے دوران 600 ہلاکتیں
دارفر میں مئی کے دوران 600 ہلاکتیں

بین الاقوامی امن مشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سوڈان کے علاقے دارفر میں مئی کے مہینے میں لڑائی کے دوران 600افراد مارے گئے ہیں اور یہ گذشتہ دو سالوں میں کسی ایک مہینے کے دوران ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

اقوام متحدہ کے دارفر میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جنوری 2008 ء سے عالمی ادارے نے اس ملک میں اپنا امن مشن تعینات کررکھا ہے اور اس عرصے کے دوران یہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ حکام کے مطابق یہ ہلاکتیں قبائلی جھگڑوں اوردارفر کے باغیوں اور سوڈان کی حکومت کے مابین لڑائی میں ہوئی ہیں۔

قطر میں امن مذاکرات سے واک آؤٹ کے بعد سوڈان کی باغی جسٹس ایکولٹی موومنٹ اور حکومت کے درمیان تازہ جھڑپوں کا آغاز ہوا تھا۔ بات چیت کااگلا دوراس ہفتے ہونا ہے لیکن باغی جسٹس ایکولٹی موومنٹ کا کہنا ہے کہ وہ اس کا بائیکاٹ جاری رکھے گی۔

سوڈان کے صدر عمرالبشیر نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ ملک کے کسی بھی مسلح گروپ کے ساتھ بات چیت کی یہ آخری کوشش ہو گی۔

اقوام متحدہ کی طرف سے فراہم کردہ ہلاکتوں کی اس تعداد میں وہ لوگ شامل نہیں ہیں جو گذشتہ ہفتے قبائلی جھگڑوں میں مارے گئے تھے۔ دارفرمیں 2003ء سے باغیوں اور حکومت کے درمیان لڑائی کا سلسلہ جاری ہے ۔

عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ سوڈان میں گذشتہ سات سالوں کے دوران لڑائی میں تین لاکھ افراد ہلاک اور لگ بھگ27 لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں ۔ لیکن سوڈانی حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد صرف دس ہزا ر ہے۔

XS
SM
MD
LG