رسائی کے لنکس

یونان: کشتی میں آتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہو گئی


اطالوی وزیراعظم میتیو رینزی نے امدادی کاموں میں مصروف عملے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُنھوں نے بہت مشکل سے لوگوں کی جانیں بچائیں۔

اٹلی نے کہا ہے کہ امدادی کارکنوں نے یونان کے جزیرے کورفو کے قریب اطالوی مسافر بردار کشتی سے تمام بقیہ افراد کو نکال لیا ہے تاہم بحیرہ ایڈریاٹک کے قریب پیش آنے والے اس حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے اور خدشہ ہے کئی دیگر افراد اب بھی لاپتا ہیں۔

کشتی میں موجود زندہ بچ جانے والے تمام افراد کو نکالتے وقت، پیر کو پانچ افراد کی لاشیں بھی ملی تھیں۔

اٹلی اور یونان کے امدادی کارکنوں نے حادثے کا شکار ہونے والی کشتی کے قریب امدادی کارروائیوں کو جاری رکھا۔

ایک فہرست کے مطابق کشتی پر مسافروں اور عملے کے افراد سمیت 478 افراد سوار تھے جن میں سے اٹلی کے عہدیداروں کے مطابق 427 کو ’ریسکیو‘ یعنی بچا لیا گیا ہے۔

لیکن یہ واضح نہیں کہ اب تک مزید کتنے لوگ لاپتا ہیں یا وہ کشتی میں سوار ہی نہیں ہوئے تھے۔

اطالوی وزیراعظم میتیو رینزی نے امدادی کاموں میں مصروف عملے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُنھوں نے بہت مشکل سے لوگوں کی جانیں بچائیں۔

زندہ بچ جانے والے ایک مسافر نے بتایا کہ امدادی کاموں کے دوران ’تذبذب اور بے چینی‘ کی صورت حال تھی۔

کشتی میں سوار زیادہ تر افراد کا تعلق یونان سے تھا لیکن اُس پر اٹلی، جرمنی اور برطانیہ کے علاوہ دیگر ممالک کے باشندے بھی سوار تھے۔

اٹلی سے تعلق رکھنے والی "نارمن اٹلانٹک" نامی کشتی یونان کے علاقے پاتراس سے اٹلی کے شہر انکونا جا رہی تھی۔ آگ کشتی کے عرشے میں لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی۔

XS
SM
MD
LG