رسائی کے لنکس

امریکہ: جنوبی ریاستوں میں سیلاب، ہلاکتوں میں اضافہ


ہیوسٹن کی ایک شاہراہ کا منظر
ہیوسٹن کی ایک شاہراہ کا منظر

ہیوسٹن کے میئر انالیز پارکر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ سیلابی ریلوں نے چار ہزار سے زائد گھروں کو نقصان پہنچایا ہے۔

امریکہ کی جنوبی ریاستوں ٹیکساس اور اوکلا ہوما میں جاری طوفانی بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔

حکام کے مطابق چار نئی ہلاکتیں ٹیکساس کے جنوب مشرقی شہر ہیوسٹن میں ہوئی ہیں جہاں پیر اور منگل کی درمیانی شب چھ گھنٹے کے دوران 30 سینٹی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔

شدید بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث شہر کے نزدیک واقع مرکزی شاہراہ پر منگل کو ٹریفک معطل ہوگیا تھا جس کے بعد ہزاروں افراد کو اپنی گاڑیاں سڑک پر چھوڑ کر بالائی مقامات کی جانب منتقل ہونا پڑا۔

حکام نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ موقع پر پہنچنے والے اولین امدادی ٹیموں نے شاہراہ پر سیلابی ریلوں میں گھرے 500 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

طوفانی بارش کے باعث پیر کی شب ہیوسٹن کے مرکزی علاقے میں باسکٹ بال کا ایک میچ دیکھنے کے لیے جمع ہونے والے سیکڑوں افراد کو رات اسٹیڈیم میں ہی گزارنا پڑی۔

ہیوسٹن کے میئر انالیز پارکر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ سیلابی ریلوں نے چار ہزار سے زائد گھروں کو نقصان پہنچایا ہے۔

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست کی 40 سے زائد کاؤنٹیز میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔

امریکہ کی 'نیشنل ویدر سروس' نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں ہفتے کے دوران ہیوسٹن اور قرب و جوار میں طوفانی بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے۔

دریں اثنا ٹیکساس سے متصل میکسیکو کے علاقے سیوڈیڈ اکونا میں امدادی اہلکار ان مکانوں کا ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں جنہیں رواں ہفتے آنے والے ایک طوفانی بگولے نے تباہ کردیا تھا۔

بگولے کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ سیکڑوں گھر وں کو بری طرح نقصان پہنچا تھا۔

میکسیکو کے صدر اینرک پینا نیٹو نے منگل کو متاثرہ قصبے کا دورہ کیا تھا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا تھا۔

XS
SM
MD
LG