رسائی کے لنکس

ٹی وی کے مقابلے میں ریڈیو زیادہ موثر میڈیم ہے: ڈائین ریم


مشہور براڈکاسٹر ڈائین ریم
مشہور براڈکاسٹر ڈائین ریم

اِس سال امریکی خواتین امریکی آئین میں اپنے لیے ووٹ ڈالنے کا حق شامل کیے جانے کی 89th سالگرہ منا رہی ہیں ۔ لیکن یاد رہے کہ یہ حق انہیں کسی نے پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیا بلکہ اس کے لیے انہوں نے 72سال تک انتہائی سخت لیکن پُر امن جدو جہد کی ۔اِس دن کو منانے کا مقصد امریکی تاریخ میں اہم کارنامے سر انجام دینے والی خواتین کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے ۔
امریکی خواتین کو حق خود ارادی دیے جانے کے دن کے موقع کی مناسبت سےوائس آف امریکہ کے ٹی وی شو خبروں سے آگے میں ڈائین ریم کا انٹرویو شامل کیا گیاہے ۔ ڈائین ریم امریکین پبلک ریڈیو کی ایک ایسی مقبول آواز کا نام ہے جو تیس سالوں سے اپنے سامعین تک دلچسپ موضوعات پر مخلتف فریقین کی آراء پہنچا رہی ہے۔

براڈ کاسٹ جرنلزم میں اپنی اعلی ٰ پیشہ وارانہ کارکردگی کے باعث ڈائین ریم پی باڈی سمیت کئی قابل احترام ایوارڈز حاصل کر چکی ہیں ۔

اِس انٹرویو میں ڈائین ریم نے امریکی خواتین کے حقوق کی موجودہ صورت حال ، اپنے نام سے منسوب ریڈیو شو کے بعض پہلوں پر کی جانے والی تنقید اور ٹی وی کے مقابلے میں ریڈیو کو ترجیح دینے کے حوالے سے سوالات کے جواب دیئے ۔

ان کے خیال میں ایک خاتون کاصدر کے عہدے کے لیئے انتخاب لڑنا امریکی خواتین کے حقوق کی صورت حال بہتر ہونے کا بڑا ثبوت ہے تاہم اب بھی انہیں مکمل مساویانہ حقوق حاصل نہیں ہوئے ۔

شو میں کسی بھی موضوع پر غیر جانبدارانہ رائے پیش کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایسا کرنا ان کے لیے اس لیے مشکل نہیں رہا کیونکہ ان کے خیال میں ٹالک شو میزبان کا کردار صرف سوال کرنے والے ایک ماڈریٹر کا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے پروڈیوسرز کی ہر ممکنہ کوشش کے باوجود کبھی کبھار ایران سمیت بعض موضوعات پر مناسب مہمان نہ ملنے کے باعث تمام فریقین کا موقف پیش نہیں ہو پاتا لیکن اپنے سوالات کےذریعے وہ اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کرتی ہیں ۔

ڈائن ریم صدر بل کلنٹن ، خاتون اول ہلری کلنٹن ، اس وقت کے سینیٹر براک اوباما ، خاتون اول باربرا بش ، سابق صدر جمی کارٹر سمیت کئی اہم سیاسی اور غیر سیاسی شخصیات کے انٹرویوز کر چکی ہیں ۔ ان کے خیال میں ٹی وی کے مقابلے میں ریڈیو زیادہ موثر میڈیم ہے کیونکہ اس میں منظر آپ کی توجہ کو نہیں بھٹکاتا۔

XS
SM
MD
LG