رسائی کے لنکس

دولت کے حصول میں رشتوں کی پامالی ۔۔۔’دل ہی تو ہے‘


’دل ہی تو ہے‘ کے تین مرکزی کردار ہیں۔۔ زبیدہ، اس کی چھوٹی بہن سلطانہ اور زبیدہ کا شوہر احمد علی۔ احمد علی بہت رئیس ہے۔ اس کے پاس دولت کے انبار ہیں مگر وہ اپنی بیوی سے زیادہ سلطانہ کی طرف جھکاوٴ رکھتا ہے۔ سلطانہ بھی احمد علی کی خودپر توجہ کو اہمیت دیتی ہے لیکن ۔۔آگے کیا ہوگا۔۔؟

دل۔۔غالباً انسانی جسم کا وہ حصہ ہے جو سب سے زیادہ قصے کہانیوں، فلموں افسانوں اور ڈراموں کا صدیوں سے ’موضوع سخن‘ بنتا آ رہا ہے۔

حتیٰ کہ’دل دینا‘، ’دل دکھنا‘ اور’دل مسوس کر رہ جانا‘ جیسے ڈھیروں ادبی فقرے بھی ’دل‘ کا احاطہ کئے نظر آتے ہیں۔۔اور شاید آپ بھی اس کی گواہی دیں کہ ’دل سے جڑی‘ ہر شے’ہٹ‘ ہوجاتی ہے۔

ان دنوں ’ایکسپریس انٹرٹیمنٹ ‘سے بھی 'دل ہی تو ہے' کے نام سے ایک نئی ڈرامہ سیریل پرائم ٹائم میں پیش کی جارہی ہے جس میں محبت، نفرت اور حسد جیسے فطری انسانی جذبوں کی ترجمانی کی گئی ہے۔

چینل انتظامیہ کے اعلان کے مطابق، اس کہانی کے تین مرکزی کردار ہیں۔۔ زبیدہ، اس کی چھوٹی بہن سلطانہ اور زبیدہ کا شوہر احمد علی۔ احمد علی بہت رئیس ہے ۔ اس کے پاس دولت کے انبار ہیں مگر وہ اپنی بیوی سے زیادہ سلطانہ کی طرف جھکاوٴ رکھتا ہے۔

ادھر سلطانہ بھی احمد علی کی خود پر غیر معمولی توجہ کو اہمیت دیتی ہے لیکن زبیدہ کو اس کا شائبہ تک نہیں یہاں تک کہ وہ سلطانہ کی مالی امداد بھی کرتی رہتی ہے کیوں کہ اس کی تین بیٹیاں ہیں جبکہ آمدنی بھی محدود تھی۔ سلطانہ زبیدہ کی خوش قسمتی پر خود سے نالاں ہے اور دل میں حسد رکھتی ہے۔

اسی دوران جب زبیدہ کی اکلوتی بیٹی کی شادی ایک اعلیٰ گھرانے میں طے پاتی ہے تو سلطانہ اپنی حسد کو ضبط نہیں کرپاتی ۔۔اور یوں حسد مزید بڑھ کر نفرت میں بدل جاتی ہے۔ یہ نفرت کیا کیا گل کھلاتی ہے اور اس کا اختتام کہاں ہوتا ہے یہی سیریل کا بنیادی عنصر ہے۔

’ایکسپریس انٹرٹینمنٹ‘ کے بزنس یونٹ ہیڈ فرحان شہزاد نے وائس آف امریکہ سے بات چیت میں کہا کہ 'دل ہی تو ہے' اپنے نام کی طرح ایک بہت ہی خوبصورت تحریر ہے جسے عتیقہ اوڈھو اور جاوید شیخ نے اپنی اداکاری سے مزید نکھار دیا ہے۔اس کے ٹائٹل سانگ سے ہی کہانی کا بے جوڑ تاثر ذہن میں ابھرتا ہے۔میرے خیال میں 'دل ہی تو ہے' کا شمار کامیاب سیریلز میں ہوگا۔'

زبیدہ کا کردا رسیمی پاشا نے نبھایا ہے جبکہ سلطانہ بنیں ہیں عتیقہ اوڈھو۔ احمد علی کے کردار میں نظر آ رہے ہیں جاوید شیخ جبکہ باقی مرکزی کردار شہزاد شیخ، ثناء سرفراز، انوشے عباسی، منال، دیا اور راشد فاروقی نے نبھائیں ہیں۔

'دل ہی تو ہے' کی پیشکش اور ہدایات راشد سمیع کی ہیں۔ ٹا ئٹل سانگ محمد علی اور مدحت نے گایا ہے۔

XS
SM
MD
LG