رسائی کے لنکس

تین محبتوں کا ایک فسانہ نیا سریل ’دل عشق‘


’دل عشق‘ کی کہانی ہے لوئرمڈل کلاس سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کی جو اپنی خواہشات کے پیچھے بھاگتے بھاگتے ایک امیر، لیکن مطلق العنان شخص کی بیوی بن جاتی ہے

پہلی بار ’پاکستان آئڈل‘ کا ٹائٹل جیتنے والے زماد بیگ کی آواز سے سجا ایک نیا ٹی وی سیریل ’دل عشق‘ بہت جلد جیو ٹی وی سے شروع ہونے والا ہے۔ اسے پروڈیوس کیا ہے ٹی وی کو متعدد میگاہٹ سیریلز دینے والے پروڈیوسرجاوید بابر نے، جبکہ نمایاں کاسٹ میں شامل ہیں، گلیمرس اداکارہ عائشہ خان اور نیلم منیر۔

زماد بیگ نے سیریل میں صوفیانہ کلام پر مہارت دکھائی ہے اور چونکہ صوفیانہ کلام کسی بھی زبان میں گایا جائے سنے والوں پر اپنا گہرا اثرچھوڑتا ہے اس لئے سیریل کو تیار کرنے والے پروڈکشن ہاوٴس کو سیریل کی کامیابی کے ساتھ ساتھ یہ امید بھی ہے کہ کلام عوامی پسندیدگی کے نئے ریکارڈ بنائے گا۔

وائس آف امریکہ کو پروڈکشن ہاوٴس کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق سیریل کا ٹیزر ریلیز ہوچکا ہے، جبکہ ٹی وی اورفلم کے معروف ڈائریکٹر علی رضا اسامہ کی ڈائریکٹ کردہ اس سیریل کی شوٹنگ قائد اعظم ہاوٴس کراچی میں کی گئی ہے۔

سیریل سے جڑے افراد کو امید ہے کہ ’دل عشق‘ مقبولیت کے حوالے سے ’جیو ٹی وی‘ کی ہی ایک اور میگا سیریل ’بشرمومن‘ کا ریکارڈ ٹوڑ دے گا۔

ڈرامے میں اعجاز اسلم نے منصور اور عائشہ خان نے دل مہر کا کردار نبھایا ہے، جبکہ نیلم منیر نظر آئیں گی بختاور کے روپ میں۔

’دل عشق‘ کی کہانی ہے لوئر مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کی جو اپنی خواہشات کے پیچھے بھاگتے بھاگتے ایک امیر لیکن مطلق العنان شخص کی بیوی بن جاتی ہے۔

اس لڑکی سے شادی کرکے منصور، دل مہر سے کئے گئے تمام وعدے اور قسمیں بھی توڑ دیتا ہے اور یوں یہ ٹرائی اینگل ایک دوسرے کی زندگیوں پر مختلف طریقے سے اثرانداز ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG