رسائی کے لنکس

ضلع دیر میں بم دھماکے میں تین امریکی فوجیوں سمیت کم از کم آٹھ افراد ہلاک


پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے بتایا ہے کہ لوئر دیر میں فرنٹر کور کے اہلکاروں کو تربیت دینے کے لیے پانچ امریکی فوجی ماہرین ایک قافلے کے ساتھ سفر کر رہے تھے جب سڑک میں نصب ایک طاقتور بم میں ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ تین امریکی فوجی اور ایف سی کا ایک اہلکار موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ دو امریکی اور فرنٹیئرکور کے متعدد اہلکاروں کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں امریکی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں دو امریکی زخمی ہوئے ہیں۔ بیان کے مطابق امریکی فوجی اہلکار فرنٹیئر کور کی دعوت پر تربیت دینے کے لیے پاکستان میں تھے اور لڑکیوں کے ایک اسکول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے لوئر دیر میں موجود تھے ۔ امریکی بیان میں بتایا گیا ہے کہ سکول کی تزئین و آرائش امریکی مالی امداد سے کی گئی تھی۔

امریکہ نے اس بہیمانہ دہشت گردبم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ مزید برآں بیان میں کہا گیا ہے کہ سکول میں انسانی جانوں کا ضیاع دہشت گردوں کے نظریہ کا عکاس ہے ۔ امریکہ اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں اشتراک کار ہیں اور وہ سکولوں کی تعمیر میں مل جل کر کام کررہے ہیں۔

مقامی پولیس نے بتایا ہے کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ سڑک سے چند گز کے فاصلے پر لڑکیوں کے سکول کی عمارت منہدم ہوگئی ۔ اُس وقت سکول میں چار سو کے لگ بھگ طالبات موجود تھیں جن میں سے کم ازکم چار ملبے تلے دب کر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئیں۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کے لوئر دیرمیں طالبان شدت پسندوں کو خاتمہ کیا جا چکا ہے لیکن اس علاقے کی سرحدیں قبائلی ایجنسی باجوڑ سے ملتی ہیں جہاں اس وقت عسکریت پسندوں کے خلاف ایک بڑا فوجی آپریشن جار ی ہے اور عین ممکن ہے کہ وہاں سے فرار ہوکر آنے والے طالبان نے یہ کارروائی کی ہو۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کو تربیت دینے والے امریکی فوجیوں پر اپنی نوعیت کا یہ پہلا حملہ ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے بھی اس بم حملے میں پاکستانی اور امریکی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق طالبان نے لوئر دیر میں ہونے والے اس بم حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

XS
SM
MD
LG