رسائی کے لنکس

نئی شارٹ فلم آئندہ برس سینما گھروں کی زینت بنے گی


دنیا بھر میں ’فروزن‘ کی نئی فلم کو دیکھنے کے حقدار وہی لوگ ہو سکتے ہیں جو 27 مارچ 2015 کو ڈزنی کی نئی لائیو ایکشن فیچر فلم 'سینڈریلا' دیکھنے کے لیے سینما گھر جائیں گے

امریکی فلم ساز کمپنی والٹ ڈزنی نے آسکر ایواڈ یافتہ فلم 'فروزن' کی ایک نئی کہانی پر مبنی شارٹ فلم آئندہ برس مارچ میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لیکن، اس خبر کا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ دنیا بھر میں فروزن کی نئی فلم کو دیکھنے کے حقدار وہی لوگ ہو سکتے ہیں جو27 مارچ 2015 ءکو ڈزنی کی نئی لائیو ایکشن فیچر فلم 'سینڈریلا' دیکھنے کے لیے سینما گھروں کا رخ کریں گے۔

اینیمیٹڈ فلموں کی تاریخ میں سب سے بڑا کاروبار کرنے والی ایڈونچر فلم فروزن کے مقبول ترین سونگ 'لیٹ اٹ گو' نےامریکی بل بورڈ 200 چارٹ پر لگاتار 33 ہفتوں تک ٹاپ فائیو پر جگہ حاصل کی تھی۔ لیکن، نئی فلم کے لیے گانا بھی نیا ہوگا، جسے رابرٹ لوپز اور کرسٹین اینڈرسنن کی کمپوزیشن میں تیار کیا گیا ہے۔

والٹ ڈزنی اینیمشن کے مطابق، اوریجنل فروزن فلم کے تمام مقبول کرداروں ایلسا، اینا، کرسٹوف اور اولاف نئی شارٹ فلم میں ایک بار پھر سےساتھ نظر آئیں گے۔

ان کےعلاوہ پردے کے پیچھے مقبول کرداروں کو اپنی آواز دینے والے تمام صدا کار کرسٹین بیل (اینا) آئی ڈینا مینزل (ایلسا) جاناتھن گروف (کرسٹوف) جاش گیڈ (اولاف) سمیت سپر ہٹ فلم کے ہدایت کار کرس بک اور جینیفر لی بھی اس فلم کی تیاری میں ایک بار پھر سے اکھٹا ہوئے ہیں۔

فروزن فلم باکس آفس کی تاریخ میں سب سے بڑا کاروبار کرنے والی پانچویں فلم ہے جس نے دو آسکر ایواڈز بھی اپنے نام کئے ہیں ایک 'بیسٹ اینیمیٹڈ فلم' کے لیے اور دوسرا 'بیسٹ اوریجنل سونگ' لیٹ اٹ گو کے لیے جیتا ہے۔

شارٹ فلم فروزن کو 'فروزن فیور' کا نام دیا گیا ہے۔ فلم کی کہانی اینا کی سالگرہ کے جشن کی تیاریوں کے گرد گھومتی ہے جسے ایلسا اور کرسٹوف ایک یادگار جشن بنانا چاہتے ہیں۔ لیکن، آئس کوئین ایلسا کی برفانی طاقت اس پارٹی کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔اس سے آگے کی کہانی جاننےکے لیےشائقین کو فروزن کی ریلیز کا انتطار کرنا پڑے گا۔

تفصیلات کے مطابق، مارچ میں ریلیز ہونے والی فلم سینڈریلا ڈزنی کی جدید ورژن فلم ہے یہ دونوں فلمیں ایک ہی دن ریلیز کی جائیں گی۔ فلم فروزن سینڈریلا کے ساتھ سینما گھروں کا اسکرین شئیر کرئے گی جو سینڈریلا فلم آن آئیر جانے سےتھوڑی دیر پہلے سینما گھروں کے پردے پر چلائی جائے گی۔

کہا جارہا ہے کہ رواں برس انجلینا جولی کی سلیپنگ بیوٹی کی جدید ورژن فلم مالیفیسنٹ کی شاندار کامیابی کو دیکھتے ہوئے ڈزنی کی نئی فلم سینڈریلا کے ساتھ توقعات بہت زیادہ ہیں امید ظاہر کی گئی ہےکہ فروزن کی نئی فلم کا ایک ہی دن میں ریلیز کرنے کافیصلہ سینڈریلا کی کامیابی کے امکانات کو مزید روشن کر سکتا ہے۔

گذشتہ برس نومبر میں ریلیز ہونے والی والٹ ڈزنی کی تھری ڈی اینیمیٹڈ فلم فروزن کے ہٹ ٹریک کی دنیا بھر لگ بھگ تین ملین کاپیاں ڈی وی ڈی اور بلیو رئے پر فروخت ہوئیں اور آفیشل ٹریک کمپنی کے مطابق اسے اس عشرے کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا میوزک قرار دیا گیا ہے۔

ڈزنی کی جانب سے ایلس ان ونڈر لینڈ کی کامیابی سے متاثر ہو کر 2010 میں سینڈریلا فلم کا جدید ورژن بنانےکا اعلان کیا گیا تھا اس فلم میں سینڈریلا کا کردار للی جیمس ادا کر رہی ہیں اور پرنس چارمنگ کے کردار میں رچرڈ میڈین نظر آئیں گے۔

ایڈونچر فلم فروزن کی کہانی دو شہزادیوں کی ہے جو عام بہنوں کی طرح ایک دوسرے سے قریبی انسیت رکھنے کے باوجود ایک ساتھ ملکر نہیں رہ سکتی ہیں۔ کیونکہ، بڑی بہن قدرتی طور پر برفانی طاقتوں کی مالک ہے جس کی انگلی جنبش سےچیزیں برف میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔ شہزادی ایلسا اپنی طاقت پر کنٹرول نا ہونے کی وجہ سےخود کو ایک کمرے میں مقید رکھتی ہے۔ لیکن جب اس کی چھپی ہوئی طاقت کے بارے میں لوگ جان لیتے ہیں تو ایلسا خوفزدہ ہو کر محل چھوڑ جاتی ہے اور کبھی واپس نہیں آتی ہے۔ لیکن، اینا اپنی بہن کو ڈھونڈنے کے لیے ایک نوجوان لڑکے کی مدد سے برفانی پہاڑوں پر نکلتی ہے۔ اسنوئی میجک اور ایڈونچر سے بھر پور واقعات کے ساتھ ایلسا کی تلاش کی گرد گھومتی ایک بہن کی محبت کی داستان لوگوں کے دلوں پر انمٹ نقوش چھوڑ گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG