رسائی کے لنکس

موبائل فون کا غلط استعمال جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے


ایک حالیہ تحقیق بتاتی ہے کہ نوجوانوں میں سڑک پار کرتے ہوئے فون میں مگن ہونے کا رجحان صرف امریکہ میں ہی نہیں بلکہ اب یہ ایک عالمی مسئلہ بنتا جا رہا ہے

امریکہ میں نوجوانوں کی اکثریت گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون پر ٹیکسٹ میسیجز کر رہی ہوتی ہے۔ ماہرین کے نزدیک یہ رجحان خطرناک ہے اور حادثات کا باعث بنتا ہے۔ لیکن بہت سے نوجوان یہ نہیں جانتے کہ اس نوعیت کے حادثات صرف گاڑی چلاتے ہوئے ہی نہیں بلکہ پیدل چلتے ہوئے بھی پیش آ سکتے ہیں۔

بچوں اور نوجوانوں کے لیے ایک تنظیم Safe Kids Worldwide نے اس سلسلے میں شعور اجاگر کرنے کا بیٹرہ اٹھایا ہے۔

ٹیسا ینگر ہائی اسکول کی طالبہ ہیں اور اسکول صبح پیدل جاتی ہیں۔ ٹیسا راستے میں میوزک سننا پسند کرتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’’ہائی سکول میں پڑھائی بہت مشکل ہو جاتی ہے۔ جس کے بعد آپ کے پاس اتنا وقت نہیں بچتا کہ آپ ٹی وی دیکھ سکیں یا پھر موسیقی سے لطف اندوز ہو سکیں۔‘‘

لیکن اپنے اسکول میں ایک ورکشاپ میں شرکت کے بعد ینگر کی سوچ میں نمایاں فرق آیا ہے۔ اب وہ سمجھتی ہیں کہ موسیقی میں محو ہو جانا ایک خطرناک رجحان ہے۔ ان کے الفاظ، ’’ مجھے یہ تو معلوم تھا کہ موسیقی دوسری چیزوں سے آپ کی توجہ ہٹا دیتی ہے لیکن میں یہ نہیں جانتی تھی کہ اگر آپ سڑک پر موسیقی سنتے ہوئے اپنی دھن میں مگن جا رہے ہیں تو کوئی گاڑی آپ کو ٹکر بھی مار سکتی ہے۔‘‘

لیکن ینگر ایسی واحد نوجوان لڑکی نہیں ہیں جو سڑک پر پیدل چلتے ہوئے موسیقی سنتی ہیں۔ اینڈریو سمرز بھی ایک ایسے ہی نوجوان ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’’میں سڑک پر پیدل چلتے ہوئے ٹیکسٹ میسیجز بھی کرتا ہوں اور اکثر انٹرنیٹ بھی استعمال کر رہا ہوتا ہوں۔‘‘

نیلہ فلپس بھی ہائی سکول کی طالبہ ہیں اور کہتی ہیں، ’’میرے فون پر سب کچھ کیا جا سکتا ہے۔ اور سچ پوچھئیے تو ہم نوجوانوں کی کل دنیا ہمارے فون ہی ہیں۔‘‘

لنڈا ویٹکنز ’سیف کڈز ورلڈ وائیڈ‘ کے ساتھ بطور استاد منسلک ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ نوجوانوں کو اندازہ بھی نہیں ہوتا کہ سڑک پر چلتے ہوئے میسیجز کرنا یا موسیقی سننا کتنا غلط ہے۔ ان کے الفاظ، ’’آج کل کے نوجوانوں کو لگتا ہے کہ وہ بہت سارے کام بیک وقت کر سکتے ہیں۔ اسی لیے انہیں لگتا ہے کہ وہ میوزک بھی سن سکتے ہیں، ٹریفک بھی دیکھ سکتے ہیں اور اسی وقت سڑک بھی پار کر سکتے ہیں۔‘‘

لیکن عموما انہیں اس بات کا اندازہ نہیں ہوتا کہ نظریں فون پر جمائے سڑک پار کرتے ہوئے وہ اپنی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہے ہوتے ہیں۔

لنڈا ویٹکنز کہتی ہیں، ’’گاڑی چلاتے ہوئے بھی دھیان ادھر ادھر ہونا غلط ہے لیکن سڑک پار کرتے ہوئے اگر آپ کا دھیان سڑک کی بجائے کسی اور چیز پر ہے تو یہ رجحان زیادہ غلط اور جان لیوا ہے۔‘‘

اس ضمن میں ایک حالیہ تحقیق بتاتی ہے کہ نوجوانوں میں سڑک پار کرتے ہوئے فون میں مگن ہونے کا رجحان صرف امریکہ میں ہی نہیں ہے بلکہ اب یہ ایک عالمی مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔

انجلا مکیلڈی بھی تنظیم ’سیف کڈز ورلڈ وائیڈ‘ سے منسلک ہیں اور کہتی ہیں، ’’یہ مسئلہ اب بھارت اور چین جیسے ممالک میں بھی ہے۔ اس سلسلے میں لوگوں میں شعور اجاگر کرنا بہت ضروری ہے۔‘‘

لنڈا ویٹکنز کہتی ہیں کہ حادثات سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ سڑک پار کرتے ہوئے پہلے ہمیشہ دونوں طرف دیکھیں اور پورا اطمینان کرنے کے بعد ہی سڑک پار کریں۔
XS
SM
MD
LG