رسائی کے لنکس

فن کی سرحدیں نہیں ہوتیں، فنکاروں پر پابندی درست نہیں: مظفر علی


اپنی اہلیہ میرا علی کے ساتھ کراچی کا دورہ کرنے والے مایہ ناز ڈائریکٹر، مظفر علی نے بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے، امن کی بحالی اور آرٹ کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو سراہا ہے

بھارت کی انتہائی شہرت یافتہ فلم ’امراوٴ جان‘ جیسی ہٹ فلموں کے خالق بالی وڈ کے نامور ڈائریکٹر، مظفر علی کا کہنا ہے کہ’فن سرحدوں کی قید سے آزاد ہوتا ہے۔ پاکستان اور بھارت میں قربتیں اور محبتیں بڑھانے کے لئے ضروری ہے کہ فنکاروں پر کوئی روک ٹوک اور پابندی نہ لگائی جائے۔‘

اپنی اہلیہ میرا علی کے ساتھ کراچی کا دورہ کرنے والے مایہ ناز ڈائریکٹر مظفر علی نے بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے، امن کی بحالی اور آرٹ کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔

دورہ پاکستان کے دوران مظفر علی اور میرا علی نے ہم ٹی وی کے مارننگ شو ’جاگو پاکستان‘ میں بھی شرکت کی اور جب ناظرین سے بہ راہ راست فون پر بات چیت شروع ہوئی تو کالز کا تانتا بندھ گیا۔ ان کالز کی تعداد دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ مظفر علی پاکستان میں بھی اتنے ہی مقبول ہیں جتنے بھارت میں۔ پاپولر شخصیات سے لے کرعام فلمی شائقین تک سب مظفر علی سے بات کرنے کو بے قرار نظر آئے۔

صوفیانہ کلام کی ملکہ کہلائی جانے والی عابدہ پروین نے مظفرعلی سے گفتگو میں ان کے کام کو سراہا۔

مظفر علی کی ہی نئی فلم ’جاں نثار‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے پاکستانی ہیرو عمران عباس نے بھی کال کرکے اپنے جذبات کا اظہارکیا۔ انہوں نے مظفر علی کے ساتھ کام کے تجربے کو یادگار قرار دیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مظفر علی کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے۔ دوسرے بھارتی آرٹسٹوں کو بھی پاکستان آتے رہنا چاہئے۔

اس موقع پر ہم ٹی وی نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی بھی موجود تھیں۔

مظفر علی کی نئی فلم ’جاں نثار‘ پاکستان میں ریلیز نہیں ہوئی ہے۔ لیکن مظفر علی نے امید ظاہر کی کہ فلم جلد پاکستان میں بھی ریلیز ہوگی۔

شو کے دوران، مظفر علی نے صنم جنگ کا اسکیچ بنا کر سب کو خوشگوار سرپرائز بھی دیا۔

XS
SM
MD
LG