رسائی کے لنکس

وینا ملک قسمت کی دھنی ہیں۔۔ انہیں دنیا کی 6 با اختیار مسلم خواتین میں شامل کرتے ہوئے ایک غیر ملکی پروڈیوسر نے اپنی دستاویزی فلم میں کام کرنے کے لئے سائن کرلیا ہے اور۔۔۔

کوئی’اسکینڈل کوئن‘ کہے یا ’ڈرامہ کوئن‘ کا نام دے، ایک بات تو طے ہے کہ پاکستانی ایکٹریس وینا ملک کی قسمت بڑی اچھی ہے۔ جو بھی کام کریں شہ سرخیوں میں آجاتا ہے۔ اب یہی دیکھ لیں کہ ہالینڈ کے ایک پروڈیوسر کو مسلم دنیا سے تعلق رکھنے والی چھ انتہائی بااختیار خواتین پردستاویزی فلم بنانے کا آئیڈیا آیا اور ان کی نظر انتخاب ٹھہری ۔۔۔وینا ملک پر۔۔۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ اور میگزین’انڈیا ٹو ڈے‘ کی رپورٹس کے مطابق مئی 2014 ء میں ریلیز کی جانے ڈاکیومنٹری فلم کی تیسری قسط وینا ملک پر مشتمل ہو گی جس میں ان کی زندگی کے ایسے پہلووٴں کو دنیا کے سامنے لایا جائے گا جن کے بارے میں کوئی نہیں جانتا۔

وینا ملک نے ان خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈچ نیشنل ٹی وی کی ٹیم نے ان سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ مسلم دنیا کی چھ نہایت بااختیار (یعنی اپنی مرضی کے عین مطابق زندگی گزارنے والی) خواتین پر ڈاکیومنٹری بنا رہے ہیں اور اس کے لئے انہیں بھی منتخب کیا گیا ہے۔

رواں ماہ ہی ڈچ ٹی وی نے ایک ہفتے ممبئی میں رہ کر وینا کی روزمرہ زندگی کو شوٹ بھی کیا۔ وینا نے اس تجربے کو اپنی زندگی کا قیمتی تجربہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں ان کی حقیقی پرسنالٹی دکھائی دے گی جسے اب تک لوگ نہیں جانتے۔ اس میں کوئی کریکٹر نہیں بلکہ ’اصلی‘ وینا ملک نظر آئے گی۔

اس سوال کے جواب میں کہ ان کے لئے سب سے زیادہ کیا چیز اہم ہے، وینا نے بتایا ’روحانیت، انسانیت اور مذہب ان کے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ میرا رشتہ اللہ کے ساتھ مضبوط ہوا ہے، میرا مذہب دوسرے مذاہب کا احترام کرنے کا سبق دیتا ہے۔‘

ویناملک کا ایک اور سولو گانا ریلیز
دوسری جانب وینا کا دوسرا سولو گانا ’رم‘ ریلیز ہوگیا۔ وینا نے اپنے نئے گانے کو ہٹ کرنے کے لئے پاکستان کے مشہور قوال عزیز میاں کی قوالی’میں شرابی‘ کی پوری لائن اڑا لی ہے اور اسے روحانی کنکشن کا نام دے دیا ہے۔

وہ کہتی ہیں ’میں چھ سال کی عمر سے یہ قوالی سنتی آرہی ہوں جب میرے والد ٹیپ ریکارڈر پر یہ قوالی سنتے تھے تب سے لے کر آج تک یہ قوالی مجھ پر اثر کرتی ہے اور ایک خاص روحانی تعلق سا بناتی ہے اسی لئے میں نے یہ لائن اپنے گانے کا حصہ بنا لی۔‘

وینا نے مستقبل کے پلانز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید سولو نمبرز ریکارڈ کرائیں گی اور ان کا ارادہ پرانے پاکستانی گانوں کو ری مکس کرنے کا بھی ہے۔

شوبھا ڈے ، وینا ملک کی آپ بیتی لکھیں گی۔۔؟
وینا کا یہ بھی کہنا تھا کہ مشہور بھارتی مصنف شوبھاڈے اور ایک بھارتی فوٹوگرافر نے ان کی آب بیتی لکھنے کی پیشکش کی ہے۔ وینا کے مطابق وہ اپنی زندگی کے اتار چڑھاوٴ اس کتاب کے ذریعے شیئر کریں گی۔

تبصرے دکھائیں

XS
SM
MD
LG