رسائی کے لنکس

پاکستانی سنیما کا نیا رخ، جدید ساوٴنڈ سسٹم متعارف


اس ساوٴنڈ سسٹم کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اسے آپ اپنے گھر میں بھی باآسانی استعمال میں لاسکتے ہیں۔ وہ بھی صرف ایک ’ہوم تھیٹر اے وی ریسیورز‘ کی مدد سے

کراچی ۔۔ پاکستان سنیما نے گزشتہ دوسالوں میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ایک جانب تو ہماری فلموں کے انداز بدل گئے ہیں تو دوسری جانب سنیما ہالز کا ماحول بین الاقوامی طرز کا ہوگیا ہے۔ نہایت آرام دے نشستیں، جدید ترین پروجیکشن رومز ، کمپیوٹرائزڈ پروجیکٹرز اور شاندار ساوٴنڈ سسٹم۔

صرف ساوٴنڈ سسٹم کی بھی بات کریں تو اس میں بھی پچھلے دو سالوں کے دوران انقلابی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ ان میں ’ڈولبی ایٹ موس‘ ٹیکنالوجی بھی شامل ہے۔

اس ساوٴنڈ سسٹم کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اسے آپ اپنے گھر میں بھی باآسانی استعمال میں لاسکتے ہیں۔ وہ بھی صرف ایک ’ہوم تھیٹراے وی ریسیورز‘ کی مدد سے۔۔ لہذا، جن لوگوں کو گھر میں سنیما جیسا ساوٴنڈ سسٹم نصب کرنے کا شوق ہو وہ اب آسانی سے یہ شوق پورا کرسکتے ہیں۔

باقاعدہ سینما کا ماحول گھر میں بنا کر فلمیں دیکھنے والے دنیا بھر میں اب کسی بھی ’یاماہا‘، ’پائنیر‘ یا ’آن کیو‘ اسٹورز سے ڈولبی کے منظور شدہ ایٹ موس سرٹیفائیڈ ایمپلی فائرز یا اے وی ریسیورز خرید سکتے ہیں۔

انڈو ایشین نیوز سروس کے مطابق گھروں کے لئے خصوصی طور پر تیار کردہ ایٹ موس سسٹم کے اسپیکرز کو سینما ہالز کی طرح چھت پر نصب نہیں کرنا پڑے گا بلکہ عام اسٹینڈ پربھی ان کی آواز اپنی بہترین کوالٹی کے ساتھ کونے کونے تک پہنچتی ہے۔

فلم ’ٹرانسفارمرز: ایج آف ایکس ٹنشن‘۔۔۔’بلیو رے‘ اور’ایٹ موس ہوم انٹرٹینمنٹ‘ پر دستیاب تھی، جبکہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی ’آپریشن زیروٹو ون‘ وہ پہلی پاکستانی فلم ہے جس کی مکسنگ ’ڈولبی ایٹ موس‘ ٹیکنالوجی کی مدد سے ممکن ہوئی ہے۔

فلم ’آپریشن زیروٹو ون‘ کے پروڈیوسر اذان سمیع خان نے میڈیا سے بات چیت میں کہا، ’ہمیں فخر ہے کہ ہم نے باقاعدہ لائسنس کے تحت اپنی فلم ’ڈولبی ایٹ موس‘ پر ریلیز کی ۔ یہ نہ صرف ہمارے لئے بڑی کامیابی ہے بلکہ یہ پاکستانی سینما کے لئے بھی ایک انقلابی اقدام ہے۔‘

گھروں میں استعمال کے لئے ایٹ موس ڈیوائسز ابھی پاکستان میں دستیاب نہیں لیکن پنجاب کے کچھ سینما گھروں میں ڈولبی ایٹ موس فلمیں ریلیز کی جا سکتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG